vosa.tv
Voice of South Asia!

نیویارک میں گھروں کے کرائے3سال تک برقرار رکھنے کا قانون منظور

0

خالی مکانات کی شرح 1.4 فیصد سے بھی کم رہ جانے پر قانون سازی کی گئی

نیو یارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز نے شہر میں گھروں  کے کرایوں کو  تین سال تک  برقرار رکھنے  کے قانون اور کوئینز میں جانوروں کی دیکھ بھال کے مرکز کو پال اے ویلون کوئنز اینیمل کیئر سنٹر کے نام سے منسوب کرنے کی منظوری دے دی۔نیو یارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز نے قانون سازی کے دو الگ الگ  مسودوں پر دستخط کیے ہیں جن میں ایک نیو یارک سٹی رینٹ سٹیبلائزیشن قانون 1969  میں تین سال کی توسیع اور دوسرا  کوئنز کے علاقے میں اینمل کئیر سینٹر کو آنجہانی سرکاری ملازم پال اے ویلون اینیمل کیئر سینٹرز کے نام کرنے کی منظوری شامل ہے۔نیویارک سٹی کے  ڈیپارٹمنٹ آف ہاؤسنگ اینڈ پریزرویشن ڈویلپمنٹ ہاؤسنگ ویکینسی نے ایک سروے کیا تھا جس میں یہ نشاندہی کی گئی تھی کہ شہر میں کرائے کے لیے خالی مکانات کی شرح1.4 فیصد سے  بھی کم رہ گئی ہے اور یہ  1968 کے بعد سے اب تک 56 سالوں  کے دوران کم ترین شرح ہے،اس سروے کے نتائج کی روشنی میں کی گئی قانون سازی میں یہ تجویز کیا گیا کہ شہر میں   گھروں کے کرایوں کو یکم  اپریل 2027 تک برقرار  رکھا جائے جبکہ  آبادی کے حساب سے گھروں کی دستیابی کو  یقینی بنانے  کے لیے تمام متعلقہ شعبوں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ شہر میں مزید مکانات کی تعمیر میں ہر ممکن تعاون کریں ۔دوسرے قانون کے تحت 28 جنوری 2024 کو انتقال کر جانے والے پبلک سرونٹ پال ویلون کو یہ اعزاز دیا گیا  کہ انکے نام سے اینمل کئیر سینٹر منسوب کردیا گیا۔ پال ویلون نیویارک سٹی ڈیپارٹمنٹ آف ویٹرنز سروسز  میں خارجی امور کے ڈپٹی کمشنر کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھےجبکہ  اس سے قبل وہ  نیو یارک سٹی میں کوئنز میں ڈسٹرکٹ 19 کی نمائندگی کر چکے ہیں۔ ویلون جانوروں کی بہبود کے لیے ایک چیمپئن مانا جاتا تھا جو  نیویارک شہر میں جانوروں کے لیے حالات کو بہتر بنانے کے لیے آواز اٹھا تے تھے ۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.