نیویارک پولیس ہیڈ کوارٹرز میں اذان کی گونج،نمازِمغرب کی ادائیگی
مسلم آفیسرز سوسائٹی نے پولیس افسران،سماجی ورکرز اور صحافیوں کو ایوارڈ سے نوازا
نیویارک پولیس کی مسلم آفیسر سوسائٹی کےزیر ِ اہتمام پولیس ہیڈ کوارٹرز میں سالانہ افطار ڈنر منعقد ہوا۔پولیس افسران،سماجی ورکرز اور صحافیوں کو بھی ان کی خدمات کے اعتراف میں ایوارڈ سے نوازا گیا۔این وائے پی ڈی کے ہیڈ کوارٹرز ون پولیس پلازہ میں مسلم آفیسرز سوسائٹی کے زیر اہتمام منعقدہ سولہویں سالانہ افطار ڈنر کا آغاز ایم او ایس کے سیکنڈ وائس پریذیڈنٹ علی ہموتوگلو نے تلاوتِ کلام ِ پاک سے کیا اور بعد ازاں بارگاہِ رسالت میں نعتِ رسولِ مقبول ﷺ بھی پیش کی گئی ۔افطار ڈنر میں پولیس کے اعلیٰ افسران، شہری حکومت کے نمائندے، مختلف ممالک کے قونصل جنرلز سمیت مسلم کمیونٹی کی کثیر تعداد اپنی فیملی کے ہمراہ شریک ہوئی،اس موقع پر امریکا کا قومی ترانہ پڑھا گیا۔اس موقع پر این وائے پی ڈی کے مسلمان چیپلن امام طاہر نے مسلمانوں کو رمضان کی مبارکباد دی جبکہ غیر مسلم کمیونٹی کو ان کے مذہبی تہوار پر نیک خواہشات کا اظہار کیا۔تقریب کے شرکاء کو مسلم آفیسرز سوسائٹی کے قیام کے اغراض و مقاصد اور ا س کی کارکردگی پر مبنی ایک خصوصی ڈاکیومنٹری بھی دکھائی گئی ۔ایم او ایس کے صدر ڈپٹی انسپکٹر عدیل رانا کا کہنا تھا کہ صرف نیویارک ہی نہیں بلکہ دیگر ریاستوں میں بھی پولیس کے شعبے میں مسلمانوں نے اپنی کارکردگی کی بدولت نمایاں مقام حاصل کیا ہے ۔افطار ڈنر میں شریک نیویارک سٹی کے پبلک ایڈووکیٹ جمانی ولیمز بھی شریک تھے،شرکاء سے خطاب میں انھوں نے غزہ میں جنگ بندی کے مطالبے کی تائید کی،ان کا کہنا تھا کہ رمضان کے پیغام کو سمجھنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ایک دوسر ے کا احترام کریں۔قبل ازیں ایم او ایس کے صدر عدیل رانا کا وائس آف ساوتھ ایشیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ یہ افطار ڈنر مسلمانوں کو ایک جگہ اکھٹا کرنے کے ساتھ ساتھ غیر مسلم کمیونٹی کو مسلم تہذیب و ثقافت اور کلچر کو قریب سے دیکھنے اور سمجھنے کاذریعہ بھی ہے ۔تقریب میں نیوجرسی اسٹیٹ پولیس کے سپریٹنڈنٹ کرنل پیٹرک،نیوجرسی مسلم آفیسرز سوسائٹی کے صدر مدثر ملک ،ہوم لینڈ سیکورٹی کے ڈائریکٹر لوری ڈوران اور ڈیٹیکٹیو احتشام چودھری بھی شریک تھے جبکہ میئر ایرک ایڈمز کی انتظامیہ میں شامل مختلف شعبہ جات کے کمشنر شریک ہوئےا ور انھوں نے قیامِ امن کے لیے پولیس کی کاوشوں اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا جبکہ میئر آفس کی طرف سے مسلم آفیسرز سوسائٹی خصوصی سائٹیشن پیش کی۔میئر ایرک ایڈمز کوئنز میں پولیس آفسر کے قتل کے افسوس ناک واقعے کی وجہ سے شریک نہ ہوسکےجبکہ پولیس کمشنر ایڈورڈ کبان مختصر شرکت کے بعدپیشہ ورانہ فرائض کی انجام دہی کے لیے جائے وقوعہ چلے گئے ۔اس موقع پر نمازِ مغرب کا وقت ہوا تو پولیس پلازہ میں اذان دی گئی اور سب نے مل کر افطار کیا جبکہ آخر میں ایم او ایس نے پولیس افسران، سماجی ورکرز اور صحافی محمد فرخ کو کمیونٹی سروسز پر ایوارڈ سے نوازا گیا۔