شمالی وزیرستان میں8دہشت گرد مارے گئے۔آئی ایس پی آر
شمالی افغانستان میں پاکستانی لڑاکا طیاروں کی بمباری سے 8افراد جاں بحق ہوئے،افغان حکام کا دعوی
شمالی وزیرستان میں سیکورٹی فورسز کی کارروائی میں انتہائی مطلوب دہشت گرد کمانڈر سمیت 8 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق اتوار اور پیر کی شب سیکورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر شمالی وزیرستان کے ضلع میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن کیا۔آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد، انتہائی مطلوب دہشت گرد کمانڈر سحرا عرف جانان سمیت 8 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔دہشت گرد سحر 16 مارچ کو میر علی میں سیکیورٹی فورسز کی چوکی پر دہشت گردانہ حملے کی منصوبہ بندی میں ملوث اور قانون نافذ کرنے والے سیکیورٹی فورسز کو انتہائی مطلوب تھا۔آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں پائے جانے والے کسی بھی دوسرے دہشت گرد کو ختم کرنے کے لیے کارروائیاں کی جا رہی ہیں ۔دوسری جانب افغان حکام کا کہنا ہے کہ پکتیکا کے ضلع برمل اور خوست کے ضلع سپیرا پر پیر کی صبح پاکستانی لڑاکا طیاروں کی بمباری سے خواتین سمیت8افراد جاں بحق ہوئے ہیں ،افغان حکام کا کہنا ہے کہ لڑاکا طیاروں نے پکتیکا کے برمل اور خوست کے سپیرا میں شہریوں کے گھروں پر بمباری کی ہے۔ امارت اسلامیہ کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے ایک بیان میں کہا ہے کہ افغانستان کی خودمختاری کی کسی بھی خلاف ورزی کے برے نتائج برآمد ہوں گے۔بمباری کے نتیجے میں پکتیکا میں 3 افراد سمیت 6 افراد شہید ہوئے۔ خواتین اور 3 بچے اور ایک گھر تباہ اور صوبہ خوست میں ایک گھر تباہ اور 2 خواتین شہید ہوئیں۔