اخوت نے دولت کے بہترین استعمال کی مثال قائم کی ہے،سینیٹر اسٹیو رہوڈز
کسی بھی طرح ضرورت مندوں کی مدد اولین ترجہی ہے تاکہ خود کا تنہا نہ سمجھیں،اخوت کے بانی ڈاکٹر امجد ثاقب
نیویارک کی ریاستی اسمبلی میں ری پبلیکن سینیٹر اسٹیو رہوڈز کہتے ہیں کہ دولت کا بہترین استعمال یہ ہے کہ کمزور طبقے کی زندگی کو بہتر بنایا جائے۔یہ بات انھوں نے اخوت یو ایس اے کے زیر اہتمام میٹ اپ اینڈ ڈنر سے خطاب میں کہی۔اخوات یو ایس اے کے زیر اہتمام فرینڈ آف اخو ت کے عنوان سے نیویارک کے علاقے ہِکس وِل کے مقامی ریسٹورانٹ میں منعقدہ میٹ اپ اینڈ ڈنر کا آغاز تلاوتِ کلام پاک سے ہوا۔تقریب کی نظامت سعید حسن کررہے تھے۔تلاوت کے بعد سماجی و کاروباری شخصیت عتیق قادری نے بارگاہِ رسالت ﷺمیں نعت کا ہدیہ پیش کیا۔تقریب میں پاکستانی امریکن کمیونٹی کی کثیر تعداد شریک ہوئی جبکہ مختلف تنظیموں کے عہدیداران بھی شریک تھے۔ اس موقع پر مہمان خصوصی اور نیویارک کے ڈسٹرکٹ فائیو سے ری پبلیکن پارٹی کے سینیٹر اسٹیو رہوڈز نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جو رقم ہماری ریاست بغیر منصوبوں کے خرچ کردیتی ہے،اس کے مساوی رقم اخوت نے ضرورت مند لوگوں کی زندگی کو بہتر بنانے پر خرچ کی ہے اور یہی دولت کا درست استعمال ہے۔تقریب میں اخوت کے بانی ڈاکٹر امجد ثاقب پاکستان سے زوم میٹنگ کے ذریعے شریک ہوئے۔ویڈیو لنک خطاب میں انھوں نے کہا کہ ان کی تنظیم نے کوشش کی ہے کہ کسی بھی طرح ضرورت مندوں کی مدد کی جائے اور انھیں یہ احساس دلایا جائے کہ وہ تنہا نہیں۔اس موقع پر اخوات یو ایس اے کے صدر ڈاکٹر نعمان مفتی،پیٹرن سعود انصاری اورمیاں مشتاق جاوید نے اپنی تنظیم کی کارکردگی کے متعلق حاضرین کو آگاہ کیا، انھوں نے اسلام میں صدقہ،خیرات اور خدمت ِ خلق کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔تقریب میں شریک کمیونٹی کی مختلف تنظیموں کے نمائندوں اور اخوت سے وابستہ افراد کا کہنا تھا کہ خدمتِ خلق کا موقع ملنا کسی نعمت سے کم نہیں ، حقوق العباد کی ادائیگی وہ سکون عطا کرتی ہے جس کا کوئی نعم البدل نہیں ہوسکتا۔اس موقع پر معروف شاعر خالد مسعود خان نے پاکستانی موجودہ سیاست اور انتخابات میں مبینہ دھاندلی پر مزاح سے بھرپور شاعر ی سنائی۔تقریب کے اختتام سے قبل اسٹیٹ سینیٹر نے اخوت کی لیڈر شپ کو ان کی خدمات کے اعتراف میں تعریفی سرٹیفکیٹس پیش کیے۔