میئر نیویارک نے بجٹ میں کٹو تیوں کا فیصلہ منسوخ کردیا
نیویارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز نے مالی سال 2025کے لیے ایگزیکٹیو بجٹ پروگرام کی منسوخی کا اعلان کردیا۔اس فیصلے کے نتیجے میں شہر حکومت کے ماتحت مختلف محکموں اور شعبوں کے بجٹ میں کٹوتیاں نہیں کی جائیں گی ۔میئر ایرک ایڈمز کا کہنا ہے کہ ہماری انتظامیہ کی کوشش ہے کہ بجٹ میں کٹوتیوں کے باعث شہری محکموں میں جو مالی توازن کمزور ہوا ہے اسے بحال کیا جائے۔ ایگزیکٹیو بجٹ پروگرام کی منسوخی سے 2023 کی اقتصادی صورتحال کی نسبتاً بہتری آئے گی اور تارکین وطن پر کیے جانے والے اخراجات میں بھی کمی ہوگی۔شہری انتظامیہ کے مطابق سیاسی پناہ کے متلاشیوں کے اخراجات میں کمی سے 1.7 ارب ڈالر کی بچت ہوئی ہے ، اب مزید 10 فیصد مزید کمی کی جائے گی۔میئر انتظامیہ کا کہنا ہے کہ شہری حکومت تارکینِ وطن کی آمد کے باعث درپیش مسائل سے بغیر کسی امداد کے موثر انداز میں نمٹنے کے لیے ہر ممکن اقدام کررہی ہے ۔ ہماری انتظامیہ نے ایک لاکھ 78 ہزار سے زائد تارکینِ وطن کی بنیادی ضرورتوں کا خیال رکھا ہے جس میں خوارک اور رہائش کی فراہمی شامل ہے۔ اس وقت 65 ہزار سے زائد ایمیگرینٹس شہری حکومت کی دیکھ بھال میں ہیں۔