یورپی یونین کا روس کیخلاف پابندیوں کے 13ویں پیکیج پر اتفاق
یورپی یونین کونسل کے بیلجیم پریزیڈنسی کے ایکس اکاؤنٹ پر جاری کیے گئے ایک بیان کے مطابق یورپی یونین کے سفیروں نے یوکرین کے خلاف روس کی جارحیت کے فریم ورک میں پابندیوں کے 13ویں پیکیج پر اصولی طور پر اتفاق کیا ہے۔ بیان کے مطابق یہ پیکیج یورپی یونین کی طرف سے منظور شدہ وسیع ترین پیکجز میں سے ایک ہے۔ روس کے خلاف پابندیوں کا یہ پیکیج 24 فروری کو باضابطہ طور پر منظور کیا جائے گا ۔بیان کے مطابق اس پیکیج میں تقریباً 200 افراد اور قانونی اداروں کو نہ صرف روس سے، بلکہ چین، ایران اور شمالی کوریا سمیت متعدد روسی پارٹنر ریاستوں سے بزنس کے لئے بلیک لسٹ کرنا بھی شامل ہے۔ ان ریاستوں پر یورپی یونین کو مغربی پابندیوں کا مقابلہ کرنے کے لیے ماسکو کے اقتصادی اقدامات میں حصہ لینے کا شبہ ہے۔یورپی یونین کے مطابق وزارتی سطح پر یورپی یونین کونسل کی طرف سے منظوری کے بعد پابندیاں لاگو ہونے کے لیے یورپی یونین کے آفیشل جرنل میں شائع ہونا ضروری ہے۔