بالی وڈ فلم آرٹیکل370کا ٹیزر جاری
کشمیر کی کہانیاں سنیما کے مداحوں کو اپنی طرف متوجہ کرنے میں کبھی ناکام نہیں ہوتیں اور حال ہی میں فلم آرٹیکل ۳۷۰؍کا ٹیزر جاری کیا گیا جس کے بعد یہ لوگوں میں موضوع بحث بن گئی ہے۔ یہ فلم سچے واقعات سے متاثر ہے۔ اس صنف کی وضاحت کرنے والی فلم کے ٹیزر میں دو پاور ہاؤس اداکارہ یامی گوتم اور پریہ منی کو دکھایا گیا ہے۔ خیال رہے کہ یہ جوڑی پہلی بار بڑے پردے پر نظر آئے گی۔ ان دونوں اداکاراؤں نے مختلف قسم کی فلموں میں اپنی زبردست اداکاری سے انڈسٹری میں اپنے لئے جگہ بنائی ہے۔ یامی اپنی اچھی صلاحیتوں کے لئے جانی جاتی ہیں، انہوں نے وکی ڈونر، اوری: دی سرجیکل اسٹرائیک اور بالا جیسی فلموں میں اپنی اداکاری سے علاحدہ شناخت بنائی ہے۔ پریہ منی نے جوان، پاروتھیویرن جیسی فلموں اور دی فیملی مین جیسی ویب سیریز میں شاندار پرفارمنس دی ہے۔ آرٹیکل ۳۷۰ ؍ایک ہائی آکٹین ایکشن پولیٹیکل ڈرامہ ہے جس میں یامی گوتم مرکزی کردار میں ہیں اور اس کی ہدایتکاری نیشنل ایوارڈ یافتہ آدتیہ سوہاس جمبھلے نے کی ہے۔ جیوتی دیشپانڈے، آدتیہ دھر اور لوکیش دھر کی پروڈیوس کردہ یہ فلم ۲۳؍ فروری۲۰۲۴ءکو دنیا بھر کے سینما گھروں میں ریلیز کی جائے گی۔