بھارت کی حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کے رکن قانون ساز اسمبلی گنپت گایکواڑ نے پولیس اسٹیشن کے اندر مخالفین پر فائرنگ کر دی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی جس میں ایم ایل اے گنپت گایکواڑ کو ہندو انتہا پسند جماعت شیو سینا کے رہنماؤں پر فائرنگ کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔پولیس حکام کے مطابق بی جے پی رہنما کا بیٹا زمین کے تنازع پر مقدمہ درج کروانے ممبئی کے ایک پولیس اسٹیشن پہنچا جہاں مخالفین بھی پہنچے۔ جب گنپت گایکواڑ کو اس کی اطلاع ملی تو وہ بھی موقع پر پہنچ گئے۔تھانے میں فریقین کے درمیان تلخ کلامی ہوئی تو گنپت گایکواڑ نے اپنی بندوق نکال کر فائرنگ شروع کر دی جس میں شیو سینا کا ایک رہنما زخمی ہوا۔ ملزم نے دیگر کو بندوق کے بٹ مار کر زخمی کیا۔پولیس اہلکاروں نے گنپت گایکواڑ کو موقع پر ہی حراست میں لیا جبکہ زخمی کو فوری اسپتال منتقل کیا جہاں ایک کی حالت تشویش ناک بتائی گئی۔ملزم نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ میں نے اپنے دفاع میں حملہ کیا کیونکہ شیو سینا کے بدماش میرے بیٹے پر تشدد کر رہے تھے۔بی جے پی رہنما نے کہا کہ مجھے مخالفین پر حملہ کرنے پر کوئی شرمندگی نہیں کیونکہ پولیس کی موجودگی مین جب بیٹے پر تشدد ہوگا تو مجھے قانون ہاتھ میں لینا پڑے گا۔