مونا لیزا کی شہرہ آفاق پینٹنگ پر حملہ
فرانسیسی دارالحکومت پیرس میں احتجاج کے دوران دو مظاہرین نے شیشے میں محفوظ مونا لیزا کی شہرہ آفاق پینٹنگ پر سوپ پھینک دیا اور فرانسیسی شہریوں کو صحت مند خوراک کا حق فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔لوورمیوزیم کے مطابق حفاظتی شیشے کی وجہ سے پینٹنگ کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔ ویڈیو میں ٹی شرٹس پہنی دو خواتین مظاہرین کو پینٹنگ پر سوپ پھینکتے اور میوزیم کی سیکیورٹی کو ان کے سامنے کالی اسکرین لگاتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔سوپ پھینکنے کے بعد مظاہرین نے پینٹنگ کے سامنے کھڑے ہو کر کہا کہ زیادہ اہم کیا ہے؟ آرٹ یا صحت مند اور پائیدار خوراک کا حق؟آپ کا زرعی نظام بیمار ہے، ہمارے کسان مر رہے ہیں۔ فوڈ کاؤنٹر اٹیک نامی ایک گروپ نے اس اسٹنٹ کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ یہ احتجاج خوراک کو عام سماجی تحفظ دینے کی کوششوں کا حصہ تھا۔گروپ نے ہر ماہ شہریوں کو کھانے پر استعمال کرنے کے لیے 150 یورو مالیت کا فوڈ کارڈ فراہم کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔