ایران نے اسرائیل کیلئے جاسوسی کے الزام میں 4 افراد کو پھانسی دیدی
عالمی خبر رساں کے مطابق ایران کے دارالحکومت تہران میں پژمان فاتحی، محسن مظلوم، محمد فرامرزی اوو وفا آذربار نامی قیدیوں کو علی الصبح پھانسی پر لٹکا دیا گیا۔ ایران کی عدلیہ کی ویب سائٹ میزان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی جاسوسی تنظیم موساد سے وابستہ ان چاروں افراد کو اصفہان میں وزارت دفاع کے ایک اہم سیکیورٹی مرکز پر 23 جولائی 2022 کو بم دھماکا کرنا تھا۔ جس کیلئے ان چاروں کی خدمات اسرائیل نے ایک کرد تنظیم کے ذریعے حاصل کی تھیں اور تربیت کیلئے انہیں متعدد بار افریقی ممالک بھیجا گیا جہاں موساد کے سینٹر میں تربیت دی گئی تھی۔ خیال رہے کہ ایران میں گزشتہ ایک برس کے دوران 92 افراد کو پھانسی دی گئی جب کہ سال 2023 میں یہ تعداد 834 تھی۔ سزائے موت دینے کے اعتبار سے ایران دنیا بھر میں چین کے بعد سب سے زیادہ پھانسی دینے والا ملک ہے۔