روسی طیارہ افغانستان میں گر کر تباہ، چار افراد زندہ تلاش کر لیے گئے، دو لاپتا
روسی طیارہ افغانستان میں گر کر تباہ ہو گیا، طیارے میں سوار چار افراد زندہ تلاش کر لیے گئے جبکہ دو افراد لاپتہ ہیں ۔روسی ایوی ایشن حکام نے ایک بیان میں کہا کہ ایک روسی رجسٹرڈ طیارہ جس پر چھ افراد سوار تھے گذشتہ رات افغانستان کی فضائی حدود میں داخل ہونے کے بعد ریڈار اسکرین سے غائب ہو گیا۔افغان حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ افغانستان میں لاپتا ہونے والے روسی طیارے کے پائلٹ سمیت چار افراد کو زندہ بچا لیا گیا ہے جبکہ دو افراد کی تلاش جاری ہے۔صوبہ بدخشاں میں لاپتہ ہونے والا طیارے کو ارز کوہ کے علاقے میں تلاش کر لیا گیا ہے۔ پائلٹ کو آئی ای اے سرچ گروپ نے دریافت کیا ہے۔رپورٹس کے مطابق پائلٹ سمیت چار دیگر افراد اس واقعے میں محفوظ رہے ہیں۔ افغان حکومت کی تفتیشی ٹیم باقی افراد کی تلاش اور مدد فراہم کرنے کی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔