تھائی لینڈ میں پٹاخے بنانے والی فیکٹری میں دھماکا؛17 افراد جاں بحق
تھائی لینڈ میں آتش بازی کا سامان بنانے والی فیکٹری میں ہونے والے دھماکے میں 17 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔تھائی لینڈ میں چینی سال کی مناسبت سے نئے سال کی ابتدا فروری سے ہوتی ہے۔ جس پر ملک بھر میں شاندار آتش بازی کی جاتی ہے۔آتش بازی کے سامان کی بے پناہ ڈیمانڈ کی وجہ سے نئی نئی فیکٹریاں بن جاتی ہیں جہاں حفاظتی انتظامات نہ ہونے کے برابر ہوتے ہیں۔تھائی لینڈ کے ایک دور افتادہ علاقے میں چاول کے کھیتوں کے درمیان واقع ایک ایسی ہی آتش بازی کا سامان بنانے والی فیکٹری میں زور دار دھماکا ہوا جس کے بعد خوفناک آگ بھڑک اُٹھی۔دھماکے کے بعد ہر طرف انسانی اعضا بکھرے ہوئے ہیں۔ فیکٹری میں دھواں بھر گیا۔ فیکٹری کے دور دراز ہونے کی وجہ سے امدادی ٹیم کے پہنچنے میں تاخیر ہوئی۔امدادی کاموں کے دوران دو درجن سے زائد زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں 17 افراد کی موت کی تصدیق کردی گئی۔ اموات میں اضافے کا خدشہ ہے۔