نیویارک سٹی کا مالی سال 2024-25ءکیلئے ابتدائی بجٹ جاری
نیویارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز نے مالی سال 2024-25ء کیلئے ایک سو نو اعشاریہ چار بلین ڈالر کا متوازن ابتدائی بجٹ جاری کردیا۔ بجٹ میں ٹیکس اضافے، چھانٹی کے عمل کے بغیر شہری اداروں کے استحکام اور عوامی تحفظ کا خیال رکھا گیا ہے۔ نیویارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز نے مالی سال 2024-25ءکیلئے بجٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری توجہ شہر کو محفوظ اور خوشحال بنانے پر مرکوز ہے۔ دو سال کی محنت کے ساتھ ہم درست سمت پر گامزن ہیں اور اسی لئے جرائم میں کمی، نوکریوں اور سیاحت میں اضافہ، بچوں کے ٹیسٹ اسکور میں بہتری آرہی ہے۔ تارکینِ وطن کی مسلسل آمد، ٹیکس ریونیو میں نمو کی کمی، کوڈ کے باعث مالی پریشانیاں اور غیر طے شدہ لیبر کنٹریکٹس ہمیں وراثت میں ملے ہیں، جس نے مالی سال 2024-25ءکے بجٹ کے فرق کو ریکارڈ سطح تک بڑھا دیا لیکن ذمہ دار اور موثر انتظام کے ساتھ ہم بغیر کسی ٹیکس میں اضافے اور چھانٹی کے عمل کے بغیر پناہ کے متلاشیوں کی دیکھ بھال کرنے اور بجٹ میں توازن پیدا کرنے میں کامیاب رہے ہیں اب جب کہ ہم نے نیویارک شہر کو درست سمت پر گامزن کردیا ہے لیکن آگے بڑھنے کیلئے ہمیں اب بھی وفاقی اور ریاستی حکومتوں کی مدد کی ضرورت ہے۔میئر نیویارک کا مزید کہنا تھا کہ وفاقی اور ریاستی امداد کے بغیر شہری حکومت نے نیویارک سٹی میں تارکینِ وطن کے مسائل پر موثر طریقے سے قابوپایا۔ این وائے پی ڈی کے ابتدائی بجٹ میں 600 نئے ریکروٹس کی ایک اور پولیس اکیڈمی کلاس کو اپریل 2024 میں شامل کرنے کے لیے فنڈنگ بحال کی گئی۔ ایف ڈی این وائے میں پے رول پر 190 فائر فائٹرز کو برقرار رکھنے کیلئے بھی فنڈنگ بحال کی جائے گی۔ سال 2023 میں قتل میں 12 فیصد اور فائرنگ کے واقعات میں 25 فیصد کمی آئی ہے۔بجٹ میں ڈیپارٹمنٹ آف سینی ٹیشن میں تئیس ہزار کچرے دانوں کو برقرار رکھنے کیلئے فنڈ بحال کئے گیے جب کہ مزید لیٹر باکس کی تنصیب کیلئے بھی ہدایات جاری کی گئی ہیں جس کے ذریعے شہر کی گلیوں اور عوامی مقامات کو صاف ستھرا رکھا جاسکے گا۔ ابتدائی بجٹ میں محکمہ تعلیم میں کمیونٹی اسکولوں کی بحالی کیلئے دس ملین ڈالر بحال کیئے گئے ۔