فلسطینی نسل کشی پر ہمارے خلاف عالمی عدالت میں مقدمہ مضحکہ خیز ہے، اسرائیلی صدر
امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن سے ملاقات میں اسرائیلی صدر اسحاق ہرزوگ کا کہنا تھا کہ ہم پر فلسطینیوں کی نسل کشی کا الزام مضحکہ خیز اور سفاکانہ ہے۔امریکی وزیر خارجہ مشرق وسطیٰ کے اپنے اہم دورے پر عرب ممالک سے سیدھے اسرائیل پہنچ گئے جہاں انہوں نے صدر اسحاق ہرزوگ سے خصوصی ملاقات کی۔ملاقات کے دوران صدر اسحاق ہرزوگ نے جنوبی افریقا کی جانب سے عالمی عدالت انصاف میں اپنے ملک کے خلاف مقدمہ دائر کرنے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل پر فلسطینیوں کی نسل کشی کے الزام سے بڑھ کر کوئی چیز مضحکہ خیز اور سفاکانہ نہیں۔اسرائیلی صدر نے امریکا کی جانب سے حمایت کی یقین دہانی پر وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کا شکریہ بھی ادا کیا۔امریکی وزیر خارجہ نے اسرائیلی صدر کے ساتھ ملاقات میں غزہ میں امدادی سامان کی ترسیل میں رکاوٹوں سمیت جنگ بندی کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔