بھارت طالبہ نے پانچویں منزل سے کود کر جان دیدی
بھارت کی ریاست تلنگانہ میں گیتم یونیورسٹی کیمپس میں 18 سالہ طالبہ نے پانچویں منزل سے چھلانگ لگا کر خودکشی کر لی۔خودکشی کرنے والی طالبہ کی شناخت موٹاپارتی رینسری کے نام سے ہوئی جس نے تین ماہ قبل کمپیوٹر انجینئرنگ کورس کیلیے یونیورسٹی میں داخلہ لیا تھا۔وہ خودکشی کے ارادے سے یونیورسٹی کی پانچویں منزل پر گئی اور اپنے موبائل فون پر کسی سے گفتگو کرنے لگی۔طلبہ نے موٹاپارتی رینسری کو پانچویں منزل پر دیکھ کر شور مچانا شروع کر دیا جبکہ کچھ طلبہ نے موبائل فونز سے ریکارڈنگ شروع کی۔جیسے ہی طلبہ موٹاپارتی رینسری کو روکنے کیلیے پانچویں منزل پر پہنچے اس نے چھلانگ لگا دی۔ لڑکی کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا لیکن تب تک وہ مر چکی تھی۔پولیس نے موٹاپارتی رینسری کا موبائل فون قبضے میں لے کر معاملے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ طالبہ کے موبائل فون کا فرانزک کروایا جائے گا تاکہ معلوم ہو سکے کہ وہ خودکشی سے قبل کس سے رابطے میں تھی۔طالبہ کی پانچویں منزل سے چھلانگ لگانے کی دل دہلا دینے ویڈیو سوشل میڈیا پر زیرِ گردش ہے۔