نیویارک میں سمندروں کے اوپر سوئمنگ پول بنانے کی تیاریاں۔
نیویارک کی گورنر کیھتی ہوکول اور میئر ایرک ایڈمز نے اپنی نوعیت کے پہلے فلوٹنگ سوئمنگ پول منصوبے کا اعلان کردیا۔ منصوبے کا مقصد شہریوں کی تیراکی تک رسائی کو آسان بنانا ہے۔گورنر نیویارک کیتھی ہوکل اور میئر ایرک ایڈمز کے اعلان کردہ فلوٹنگ سوئمنگ پول منصوبے کا تجربہ رواں سال موسم گرما میں کیا جائے گا جب کہ حفاظت کے تمام تقاضوں کو پورا کرنے کے بعدآئندہ برس اسے عوام کیلئے کھول دیا جائے گا۔گورنر کیتھی ہوکل کا کہنا ہے کہ ایک سے چار سال کی عمر کے بچوں کی موت کی سب سے بڑی وجہ میں سے ایک پانی میں ڈوبنا بھی شامل ہے جب کہ موسم گرما میں شہریوں کیلئے محفوظ تفریح کی فراہمی بھی وقت کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر میئر ایرک ایڈمز نے کہا کہ ہم نیویارک اسٹیٹ کےا شتراک سے تیراکی کے نئے انفرااسٹرکچر کے ساتھ اپنے بچوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے کاربند ہیں۔مجھے نیویارک سٹی میں ایک منفرد منصوبے کو یقینی بنانے کیلئے گورنر ہوکول کے ساتھ شراکت پر فخر ہے۔ڈپٹی میئر برائے ہیلتھ اینڈ ہیومن سروسز این ولیمز آئسم کا کہنا تھا کہ فلوٹنگ سوئمنگ پول منصوبہ نیویارک کے تمام لوگوں کیلئے سومند ثابت ہوگا اور ہمیں امید ہے کہ اس منفرد پروجیکٹ کے نتیجے میں تیراکی تک رسائی میں اضافہ ہوگا۔ ڈپٹی میئر برائے آپریشنز میرا جوشی نے کہا کہ شدید گرمی کے ساتھ ساتھ ہمیں نیویارک کے لوگوں کیلئے جراتمندانہ فیصلے لینے کی ضرورت ہے۔ نیا منصوبہ اسی سلسلے کی کڑی ہے۔