نیویارک،مختلف حادثات وواقعات کی رپورٹ جاری
نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ نے شہر بھر میں ہونے والی گرفتاریوں،قتل، دست درازی، چوری اور حملے سمیت مختلف حادثات وواقعات کی تفصیلات جاری کردیں۔نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق فائر ڈیپارٹمنٹ نیویارک کے 32 سالہ پیرامیڈک کو گرفتار کیا گیا ہے۔ ملزم پر 26 پریسنٹ کی حدود میں حملہ کرنے کا الزام عائد ہے جب کہ دوسری کارروائی میں اکتیس دسمبر 2023ء کو شام پانچ بجے کے قریب ڈیپارٹمنٹ آف کریکشن کے آف ڈیوٹی ملازم 44 سالہ آرتھر کی 47 ویں پریسنٹ کی حدود سے گرفتاری ظاہر کی گئی ہے۔گرفتار ملزم پر تھرڈ ڈگری حملے کا الزام عائد ہے۔ نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ کے مطابق لاپتہ 32 سالہ رابرٹ محفوظ طریقے سے اپنے گھر واپس پہنچ گیاہے۔ جو گزشتہ روز ففٹی پریسنکٹ کی حدود سے غائب ہوا تھا۔ جس کی گمشدگی کی اطلاع پولیس ڈیپارٹمنٹ کو دی گئی تھی۔لاپتہ شخص کو ایک مرد کے طور پر بیان کیا گیا جس کی رنگت ہلکی اور سیاہ بال جبکہ چھ فٹ ایک انچ قد کے حامل شخص کا وزن ایک سو ساٹھ پاؤنڈ بتایا گیا تھا۔جسے آخری بار کالی پینٹ او رجیکٹ میں سفید جوتے اور سیاہ دستانے پہنے دیکھا گیا تھا۔نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ کے مطابق تیس دسمبر 2023ء کو تقریبا” پونے سات بجے کے قریب پولیس کو 75 پریسنٹ کی حدود میں 485 ویں سیکلن ایونیو پر ایک امداد کی کال موصول ہوئی جس کے بعد افسران جائے وقوعہ پہنچے تو ایک 30 سالہ نامعلوم شخص کو بے ہوش پایا جسے بعدازاں مردہ قرار دیدیا گیا۔ چیف میڈیکل ایگزامنر کے دفتر نے موت کی وجہ کا تعین کرنے کیلئے تفتیش کا آغاز کردیا ہے جب کہ اس ضمن میں کوئی گرفتار عمل میں نہیں لائی جاسکی۔ میت کی شناخت خاندان کی اطلاع تک زیرالتواء ہے۔نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ نے خاتون سے دست درازی کرنے والے شخص کی تلاش شروع کردی ہے۔ ملزم 13 پریسکنٹ اور ٹرانزٹ ڈسٹرکٹ فور کی حدود میں خاتون کو زبردستی چھونے کے الزام میں مطلوب ہے۔ پولیس کو اطلاع دی گئی کہ جمعہ 29 دسمبر 2023ء کو تقریبا” شام ساڑھے چار بجے کے قریب ایک بتیس سالہ خاتون اسٹریٹ فورٹین یونین اسکوائر سب وے اسٹیشن پر جنوب کی طرف ایل ٹرین کے پلیٹ فارم پر کھڑی تھی کہ اچانک ایک نامعلوم شخص نے خاتون کو عقبی حصے سے پکڑنے کی کوشش کی۔ ملزم کو آخری بار سب وے اسٹیشن کے اندر بھاگتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔ ملزم 5 فٹ گیارہ انچ قد کا حامل بتایا گیا ہے۔ نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ نے 66 پریسنٹ کی حدود میں چوری کرنے والے ملزم کی نشاندہی کیلئے عوام سے مدد کی اپیل کی ہے۔ جس کی شناخت کو خفیہ رکھا جائے گا۔ پولیس کو اطلاع دی گئی کہ 22 دسمبر کو بروز جمعہ تقریبا” پونے تین بجے ایک نامعلوم شخص میکڈونلڈ ایونیو پر واقع ایک ریسٹورینٹ میں دروازہ توڑ کر داخل ہوا اور کیش کاؤنٹر سے رقم لے کر باآسانی فرار ہوگیا۔ چوری کرنے والے ملزم کا قد پانچ فٹ گیارہ انچ کے طور پر بیان کیا گیا ہے۔ جسے آخری بار سیاہ اور سفید جوتے اور سیاہ پتلون اور کالی ٹوپی پہنے دیکھا گیا تھا۔نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ نے 90 پریسنٹ کی حدود میں ہونے والی چوری ہی کی ایک اور واردات کے کے ملزم کی نشاندہی کیلئے عوام سے مدد طلب کی ہے۔ مدد کرنے والے شخص کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔ پولیس کو 18 اکتوبر 2023ء کو اطلاع دی گئی کے تقریبا ” شام ساڑھے چھ بجے 130 ہوپ اسٹریٹ پر واقع رہائشی عمارت میں ایک نامعلوم شخص تہہ خانے میں داخل ہوا اور ایک ہزار ڈالر مالیت کی سائیکل لے کر فرار ہونے میں باآسانی کامیاب ہوگیا۔ سیاہ رنگ کے حامل نامعلوم شخص کا قد تقریباً پانچ فٹ آٹھ انچ بتایا گیا ہے۔ جسے آخری مرتبہ سیاہ جیکٹ میں ملبوس دیکھا گیا ۔