یوکرینی کونسلر نے دستی بم کاحملہ کرکے26افراد کو زخمی کردیا
یوکرین کے مغربی علاقے میں قصبے کے کونسلر نے کونسل کی میٹنگ کے دوران تین دستی بم پھینک کر 26 افراد کو زخمی کر دیا۔ جس وقت دستی بموں سے حملہ کیا گیا اس وقت اس میٹنگ کی کارروائی فیس بک پر براہ راست نشر ہو رہی تھی۔یوکرینی قومی پولیس بتایا کہ یوکرین کے ایک گاؤں کے کونسلر نے ایک میٹنگ میں ایک حملے میں دستی بم پھینکے، یہ واقعہ مغربی یوکرین کے پہاڑی علاقے زکرپٹیا میں کیریٹسکی گاؤں کی کونسل کے ہیڈ کوارٹر میں پیش آیا۔ویڈیو میں سیاہ لباس میں ملبوس ایک شخص کو گرما گرم بحث کے دوران کونسل کے اجلاس میں داخل ہوتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، اس نے کچھ دیر انتظار کیا اور پھر بہت اطمینان کے ساتھ جیبوں سے تین دستی بم نکالے، سیفٹی پنوں کو نکالا اور انھیں فرش پر گرا دیا، جس سے میٹنگ میں موجود افراد کی چیخیں نکلیں اور پھر یکے بعد تین دھماکے ہوئے۔چھبیس زخمیوں میں سے چھ کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے، بم پھاڑنے والے شخص کی حالت بھی نازک ہے، جسے ڈاکٹر بچانے کی سر توڑ کوشش کر رہے ہیں، پولیس نے کہا کہ یوکرین کی خفیہ سروس نے دہشت گردی کے حوالے سے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔حکام نے اس شخص کا نام نہیں بتایا لیکن یوکرینی میڈیا کے مطابق حملہ آور کی شناخت سیری بیٹرین کے طور پر ہوئی ہے، جو کہ ایک رکن پارلیمنٹ ہے جو صدر ولادیمیر زیلینسکی کی پارٹی کا رکن ہے۔