نیویارک کی وفاقی عدالت نے سکھ علیحدگی پسند تحریک کے امریکا میں مقیم رہنما کو قتل کرنے کی سازش میں بھارتی شہری نکھل گپتا کو 235 ماہ قید کی سزا سنا دی ہے۔ محکمہ انصاف کے مطابق یہ سازش بھارتی حکومت کے ایک ملازم کی ہدایت پر تیار کی گئی۔
55 سالہ نکھل گپتا نے فروری 2026 میں کرائے کے قاتل کے ذریعے قتل کی سازش، اس کی منصوبہ بندی اور منی لانڈرنگ کی سازش کے الزامات تسلیم کر لیے تھے۔ استغاثہ کے مطابق 2023 میں بھارت میں رہتے ہوئے گپتا نے بھارتی حکومت کے ملازم وکاش یادیو کے ساتھ مل کر امریکی شہری اور وکیل گرپتونت سنگھ پنوں کو نیویارک میں قتل کرنے کی سازش تیار کی۔ پنوں بھارتی حکومت کے سخت ناقد ہیں اور پنجاب کی علیحدگی کے لیے خالصتان کی حامی تنظیم چلاتے ہیں۔ گپتا نے قتل کے لیے جس شخص سے رابطہ کیا وہ دراصل امریکی ڈی ای اے کا مخبر تھا، جس نے اسے ایک خفیہ ڈی ای اے افسر سے ملوایا جو کرائے کا قاتل بن کر سامنے آیا۔ قتل کے بدلے ایک لاکھ ڈالر طے ہوئے اور 9 جون 2023 کو 15 ہزار ڈالر پیشگی ادا کیے گئے۔ یادیو نے پنوں کا ذاتی ڈیٹا اور نیویارک کا پتہ بھی فراہم کیا۔ گپتا کو 30 جون 2023 کو چیک ریپبلک میں گرفتار کیا گیا اور جون 2024 میں امریکا کے حوالے کیا گیا۔ وکاش یادیو پر بھی فردِ جرم عائد ہے، تاہم اسے تاحال گرفتار نہیں کیا جا سکا۔