ولی عہد شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح کو کویت کا نیا امیر مقرر
کویت کی سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق ملکی کابینہ نے شیخ نواف الاحمد الجابر الصباح کی وفات پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کرتے ہوئے تین دن تعطیل اور 40 روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔
امیر کویت کے انتقال کے بعد کابینہ کے غیر معمولی اجلاس میں مرحوم امیر کے لیے سوگ کا اظہار اور ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔
نائب وزیر اعظم اور کابینہ امور کے وزیر مملکت عیسیٰ الکندیری نے اعلان کیا کہ ولی عہد شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح ریاست کویت کے نئے امیر ہونگے۔
عیسیٰ الکندیری نے کہا کہ شیخ نواف الاحمد الجابر الصباح کی وفات پر ملک کے تمام سرکاری ادارے تین دن بند رہیں گے۔ تین روزہ تعطیل کل اتوار سے شروع ہوگی اور منگل 19 دسمبر کو ختم ہوگی۔
واضح رہے کہ کویت کے امیر شیخ نواف ال احمد الصباح ہفتہ کو علالت کے باعث انتقال کرگئے تھے۔ مرحوم کی نماز جنازہ اتوار 17 دسمبر کو مقامی وقت صبح 9 بجے (پاکستانی صبح 11 بجے) بلال بن رباح مسجد میں ادا کی جائے گی۔
کویت امیری دیوان کے وزیر شیخ عبدللہ نے ایک بیان میں کہا کہ مرحوم امیر شیخ نواف الاحمد الجابر الصباح کی نماز جنازہ صرف خاندان کے افراد اور رشتہ داروں تک محدود رہے گی۔