بھارتی سپریم کورٹ کا فیصلہ حقائق کے برخلاف ہے۔چین
کشمیر میں آرٹیکل 370 ہٹانے سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے کے بارے میں چین نے کہا ہے کہ وہ ہندوستان کے فیصلے کو قبول نہیں کرتا۔چین کی وزارت خارجہ کی ترجمان ماؤ ننگ نے کہا کہ اس فیصلے سے بیجنگ کو کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ہند چین سرحد کا مغربی حصہ ہمیشہ سے چین کا رہا ہے۔چین نے مزید کہا کہ ہم نے ہندوستان کے یکطرفہ اور غیر قانونی طور پر قائم کردہ یونین ٹیریٹری لداخ کو کبھی تسلیم نہیں کیا۔ہندوستانی سپریم کورٹ کا فیصلہ اس حقیقت کو نہیں بدل سکتا کہ سرحد کا مغربی حصہ چین کا ہے۔اس سے قبل منگل کو ماؤ ننگ نے کشمیر کے معاملے پر کہا تھاکہ ہند- پاک کے درمیان کافی عرصے سے تنازع چلا آ رہا ہے۔اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے تحت اسے پرامن طریقے سے حل کرنا ضروری ہے۔چین نے کہا کہ دونوں فریقین کو بات چیت کے ذریعے مسئلہ حل کرنا چاہیے تاکہ خطے میں امن و استحکام پیدا ہو سکے۔ حکومت ہندنے 5 اگست 2019 کو جموں و کشمیر سے آرٹیکل 370 ہٹا دیا تھا۔