امریکہ کی اسرائیل کو گولے فروخت کرنے کی درخواست
امریکی حکومت نے غزہ میں حماس کے خلاف کارروائی میں اسرائیل کے مرکاوا ٹینکوں کے لیے 45,000 گولوں کی فروخت کی منظوری دینے کے لیے کانگریس سے درخواست کی ہے۔گولوں کی اس ممکنہ فروخت کی مالیت 50 کروڑ ڈالر سے زیادہ ہے۔ اس وقت بائیڈن حکومت کی اسرائیل کو گولوں کے فروخت کی درخواست سینیٹ کی خارجہ تعلقات کمیٹی اور ایوانِ نمائندگان کی خارجہ امور کی کمیٹیوں کے زیر غور ہے۔ٹینکوں کے گولوں کی یہ فروخت صدر جو بائیڈن کے 110.5 بلین ڈالر کے اس ضمنی پیکج کی درخواست سے الگ ہے جس میں یوکرین اور اسرائیل کے لیے فنڈز منظور کرنے کی درخواست کی گئی تھی۔بائیڈن حکومت کی درخواست نے ہزاروں شہریوں کی اموات کا باعث بننے والی جنگ میں امریکی ہتھیاروں کی فراہمی کے بارے میں خدشات کو مزید بڑھا دیا ہے۔