پاک فوج کےسربراہ جنرل سید عاصم منیر پشاور پہنچ گئے
آرمی چیف سید عاصم منیر کا کہنا ہے کہ قوم کو مسلح افواج کی کارکردگی پر فخر ہے،کامیابی پاکستان کا مقدر ہے، خون کے آخری قطرے تک ملک کی حفاظت کریں گے،سیکورٹی فورسز کو خیبرپختونخوا کے غیور عوام کی پُرعزم حمایت حاصل ہے،غیر قانونی غیر ملکیوں کو طے شدہ اصولوں کے مطابق باعزت طریقے سے ان کے ملکوں میں واپس بھیجا جا رہا ہے۔آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے پشاورکا دورہ کیا، آرمی چیف کی آمد پر کور کمانڈر پشاور نے اُن کا استقبال کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کو سیکیورٹی کی مجموعی صورتحال،انسداد دہشت گردی کے خلاف جاری کارروائیوں،غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کی وطن واپسی اور نئے ضم شدہ اضلاع میں سماجی و اقتصادی ترقی کی پیش رفت کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔سپہ سالار نے انسداد دہشت گردی کی مختلف کارروائیوں کے دوران بہادری اور شجاعت کا مظاہرہ پیش کرنے والے افسران اور جوانوں سے ملاقات کی۔آرمی چیف نے افسران اور جوانوں کی بے مثال کارکردگی کوسراہا اورکہا کہ قوم کو مسلح افواج کی کارکردگی پر فخر ہے۔کامیابی پاکستان کا مقدر ہے اور پاک فوج مادر وطن کے ایک ایک انچ کی حفاظت اور مقدس فریضہ خون کے آخری قطرے تک ادا کرتی رہے گی۔