نیو یارک:علامہ اقبال کمیونٹی سینٹر نے11اگست کو بروکلین میلے کا اعلان کردیا
نیو یارک میں پاکستانی امریکن کمیونٹی کی تنظیم علامہ اقبال کمیونٹی سینٹر نےرواں برس گیارہ اگست کو بروکلین میلہ منعقد کرنے کا اعلان کردیا ۔تنظیمی اراکین کا کہنا ہے کہ کونی آئی لینڈ ایونیو بروکلین پر 18ایونیو پر11اگست بروز اتوار پاکستان ڈے بروکلین میلہ منعقد ہوگا۔پاکستان ڈے بروکلین میلہ کے اس سال چئیرمین رانا مقصود الہی اور حسن ناصر اعوان صدر ہوں گے ۔یہ اعلان کمیونٹی سینٹر اور میلہ کمیٹی کے قائدین کی جانب سے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا گیا۔علامہ اقبال کمیونٹی سینٹر کے چئیرمین ملک ناصر اعوان کا کہنا تھا کہ اس سال میلے کے لئے یوتھ کو اہم زمہ داریاں تفویض کرنے کا ایک اہم مقصد یہ ہے کہ ہمارے پڑھے لکھے نوجوان لیڈ کریں تاکہ مستقبل میں بھی پاکستان کے جشن آزادی کو بہتر انداز میں منا سکیں۔میلے کے سرپرست اعلی طاہر بھٹہ نے بروکلین میلہ کے زمہ داران کا تعارف کرواتے ہوئے کہا کہ امید کرتے ہیں کہ تمام نوجوانان اس ایونٹ کو کامیابی سے ہمکنار کریں گے۔بروکلین میلے کے چئیرمین رانا مقصود الہی کا کہنا تھا کہ پردیس میں پاکستان کی آزادی کا جشن منانا یہ ظاہر کرتا ہے کہ تمام پاکستانیوں نے ملک سے دور رہ کر بھی اس سے اپنی محبت میں کمی نہ آنے دی۔پاکستان ڈے بروکلین میلہ کمیٹی کےصدر حسن ناصر اعوان نے میلے کی تیاریوں کے سلسلے میں اجلاس سے خطاب کے دوران کہا کہ میلے کو وطن عزیز پاکستان کے 76ویں جشن آزادی کے حوالے سے تاریخی بنایا جائیگا اور ہم یہ بتانا چاہتے ہیں کہ ہم امریکہ میں پیدا ہو کر بھی اپنے ملک کو نہیں بھولے۔میلے کے چیف آرگنائزر طاہر بوبی نے بتایا کہ ہر سال کی طرح اس سال بھی میلے کی رونقوں کو دوبالا کرنے کے لئے ہمارے فنکار اس میں شرکت کریں گے جن میں شازیہ منظور اور دیگر گلوکار بھی شامل ہیں۔علامہ اقبال کمیونٹی سینٹر کے دیگر قائدین کی جانب سے پاکستانی امریکن کمیونٹی سے کہا گیا کہ وہ 11اگست کو ہونیوالے میلے میں شریک ہو کر وطن عزیز کا جشن آزادی جوش و خروش سے منا کر امریکہ میں سبز ہلالی پرچم کو سربلند کریں۔کمیونٹی قائدین کا کہنا ہے کہ وہ علامہ اقبال کمیونٹی سینٹر کے دست و بازو بن کر بروکلین میلے کو کامیاب بنائیں گے اور ان پر جس اعتماد کا اظہار کیا گیا ہے،وہ اس پر پورا اترنے میں اپنا ہر ممکن کردار ادا کریں گے۔