مستقل جنگ بندی سیاست نہیں انسانی حقوق سے متعلق ہے، امریکی صدر کے نام ڈاکٹروں کاخط
تیرہ سو سے زیادہ ڈاکٹروں نے ایک مراسلے میں امریکی صدر جو بائیڈن سے غزہ میں جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے۔امریکی صدر کے نام ڈاکٹروں کےخط میں میڈ گلوبل ،MedGlobal تنظیم نے ڈاکٹروں اور نرسوں کی نمائندگی میں، غزہ کے قیدیوں کی رہائی اوراس محصورشدہ علاقے میں انسانی اور طبی امداد بھیجنے کا مطالبہ کیا ہے۔میڈ گلوبل، امریکہ میں قائم ایک انسان دوستانہ تنظیم ہے جو دنیا بھر میں ہنگامی ردعمل اور صحت کے پروگرام فراہم کرتی ہے۔خط میں غزہ کے دو اعشاریہ تین ملین لوگوں کے لیے صاف پانی، ایندھن اور طبی امداد تک رسائی کا مطالبہ کیا گیا ہے اور حکمرانوں سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ امداد کی ترسیل کے لیے مصر اور اسرائیل پر تمام سرحدیں کھولنے کے لیے دباؤ ڈالیں۔اس ادارے کے سربراہ ڈاکٹر ظاہر سہلول نے کہا کہ غزہ میں کام کرنے والے ڈاکٹروں نے بہت زیادہ زحمتیں اٹھائی ہیں اور حقیقی خطرات مول لیے ہیں اور جان لیوا غم واندوہ کے باوجود،انہوں نے بہت سے لوگوں کی جانیں بچائی ہیں۔انہوں نے کہا کہ سیاست دانوں کو معلوم ہونا چاہیے کہ مستقل جنگ بندی سیاست نہیں ہے، بلکہ انسانی حقوق سے متعلق ہے۔