جنم دن پر دبئی کیوں نہیں لے کر گئے۔؟ بھارتی خاتون نے مکا مار کر شوہر کو زندگی سے محروم کردیا
پونا:سالگرہ کیلیے دبئی نہ لے جانے اور قیمتی تحائف نہ دلانے پر ناراض بیوی نے شوہر کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔ یہ واقعہ پونے کے ایک اپارٹمنٹ میں پیش آیا ہے، جہاں 36 سالہ رینوکا نے اپنے شوہر بزنس مین نکھل سے اپنی سالگرہ پر قیمتی تحائف اور دبئی لے جانے کی خواہش کی تھی۔ رینوکا اپنی خواہش پوری نہ ہونے پر نکھل کھنہ سے ناراض تھیں، اس دوران دونوں کے درمیان قیمتی تحائف نہ دینے پر بھی تلخ کلامی ہوئی جس پررینوکا نے اپنے شوہر کی ناک پر گھونسہ مار دیا۔پولیس کے مطابق، گھونسا اتنا شدید تھا کہ نکھل کھنہ کی ناک سے بے تحاشا خون بہنے لگا اور اس کے دانت بھی ٹوٹ گئے، بہت زیادہ خون بہنے کی وجہ سے نکھل اپنا ہوش کھو بیٹھا۔واقعہ کی اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی اور نکھل کو اسپتال منتقل کیا، جہاں ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کر دی۔ پولیس نے رینوکا کے خلاف آئی پی سی کی دفعہ 302 کے تحت مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش کے لیے اسے گرفتار کر لیا۔ نکھل اور رینوکا نے 6 سال پہلے پسند کی شادی کی تھی۔