بنک الحبیب نے ریاض میٹرو کیمپ میں صوفیانہ شام کا انعقاد کیا
ریاض:سعودی عرب میں سجی صوفیانہ شام جس میں ہزاروں پاکستانی ورکرز شریک ہوئے جب کہ نامور پاکستانی گلوکاروں نے اپنی آواز سے محظوظ کیا اس کے علاوہ معروف پاکستانی کامیڈین آرٹسٹوں نے بھی لوگوں کے چہروں پر خوب مسکراہٹیں بکھیریں۔سعودی دارالحکومت ریاض میں بنک الحبیب کی جانب سے ریاض میٹرو کیمپ میں صوفیانہ شام محنت کشوں کے نام کے عنوان سے شام سجائی گئی جس میں ہزاروں کی تعداد میں پاکستانی ورکرز شریک ہوئے جبکہ سفارت خانہ پاکستان کے افسران سمیت دیگر اہم شخصیات بھی شریک تھیں اس موقعہ پر پاکستان کے نامور گلوکاروں ملکو اور طاہر عباس نے اپنی آواز کا جادو جگایا اور موسیقی کے ایسے سر بکھیرے کے پاکستانی ورکرز ناچنے پر مجبور ہوگئے اسکے علاوہ معروف پاکستانی کامیڈین آغا ماجد،سلیم البیلا اور گوگا پسروری نے بھی خوب مسکراہٹیں بکھیریں جس سے ورکرز خوب محظوظ ہوئے نجی بنک کے اسسٹنٹ جنرل منیجر بزنس ڈویلپمنٹ ڈویژن شہر یار صفدر کا کہنا تھا کہ ہمارا مقصد بیرون ممالک مقیم ہم وطنوں کو بنکنگ سسٹم کے ذریعے رقوم کو پاکستان بھجوانے کے لئے آگاہی فراہم کرنا ہے تاکہ پاکستان کی معیشت مضبوط ہو آئی پی جی گروپ کے سی ای او جواد غلام رسول کا کہنا تھا کہ سعودی عرب میں مقیم لاکھوں ورکرز ملکی سرمایہ ہیں جنھوں نے ہمیشہ اپنوں سے دور رہ کر ملک و قوم کی خدمت کا فریضہ انجام دیا ہے سفارت خانہ پاکستان کے ہیڈ آف چانسری محسن سیف اللہ نے ایونٹ کو سراہتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب میں ستائیس لاکھ سے زائد پاکستانی مقیم ہیں جو اپنی صلاحیتوں کے ذریعے مملکت کی ترقی کا باعث ہیں جبکہ یہی لاکھوں افراد سب سے زیادہ زر مبادلہ پاکستان بھجواتے ہیں جو کہ قابل تحسین ہے تقریب کے آخر میں قرعہ اندازی کے ذریعے ورکرز میں ائیر ریٹرن ٹکٹ بھی دئیے گئے۔