vosa.tv
Voice of South Asia!

بڑا ریلیف،، اسلام آباد ہائی کورٹ نے لیگی قائد کا سزا کے خلاف اپیل کا حق بحال کردیا

0

ایون فیلڈ اور العزیزیہ ریفرنس میں سابق وزیراعظم نوازشریف کو بڑا ریلیف،، اسلام آباد ہائی کورٹ نے لیگی قائد کا سزا کے خلاف اپیل کا حق بحال کردیا،،سماعت کے دوران سابق وزیراعظم نوازشریف بھی عدالت میں موجود رہےچیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب پر مشتمل بنچ نے نوازشریف کی سزا کے خلاف اپیلیں بحال کرنے اورحفاظتی ضمانت کی درخواست پر سماعت کی،،پراسیکیوٹر جنرل نے عدالت کو بتایا کہ پٹیشنر نے سرنڈر کرکے خود کو عدالت کے رحم وکرم پر چھوڑ دیا ہے۔چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا آپ اپیل کنندہ کو گرفتار کرنا چاہتے ہیں جس پر پراسیکیوٹر نے کہا اس بارے میں پہلے ہی بتا چکا ہوں کہ ہمیں گرفتاری نہیں چاہیے،،چیف جسٹس نے کہا آپ سے بطور عدالتی معاون پوچھ رہے ہیں کہ اپیل بحال ہوئی تو ضمانت کا اسٹیٹس کیا ہوگا؟ پراسیکیوٹر جنرل نے کہا آپ اپیل کنندہ سے دوبارہ ضمانتی مچلکے لے لیں، جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہا میرا خیال ہے کہ پراسیکیوٹر جنرل نے بڑی واضح پوزیشن لے لی ہے،پراسیکیوٹر جنرل نیب نے کہا ریفرنس واپس لینے کی گنجائش ٹرائل کے دوران موجود تھی، قانون کے مطابق فیصلےکے خلاف اپیل ایڈمٹ ہو تو کیس واپس نہیں ہوسکتا، نواز شریف کی دو اپیلیں زیرسماعت تھیں، عدم پیروی پر خارج کی گئیں، ہمیں نواز شریف کی اپیلیں بحال کرنے پر کوئی اعتراض نہیں، اشتہاری نے عدالت کے سامنے سرینڈر کردیا ہے تو اس کی اپیل بحال ہونی چاہیے۔نواز شریف کے وکیل امجد پرویز ایڈووکیٹ نے کہا مریم نواز کی ایون فیلڈ ریفرنس سے بریت کے فیصلے میں عدالت نے واضح کردیا ہے، عدالت نے کہا نیب کو بارہا مواقع دیے گئے مگر تین بار وکلا کو تبدیل کیا گیا،عدالت نےکہا کہ نیب اپنی ذمہ داری ادا کرنے میں ناکام رہا ہے۔پراسیکیوٹر جنرل نیب نے کہا یہ تاثر دیا گیا کہ جیسے نیب نے سرینڈر کر دیا ہے، ایسی صورت حال نہیں، پراسیکیوٹر کی ڈیوٹی ہے کہ وہ اعلیٰ معیار کی پراسیکیوشن کرے اور کوئی شہادت ملزم کے حق میں جائے تو اسے بھی نہ چھپائے،اس عدالت نے آبزروکیا تھا کہ جب اشتہاری سرینڈر کرے تو قانون کےمطابق کارروائی ہو، پراسیکیوٹر کو ملزم کے لیے متعصب نہیں ہونا چاہیے۔نواز شریف کے وکیل اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ اپیلیں بحال ہو جائیں تو حفاظتی ضمانت کی درخواست تو غیر مؤثر ہوجائےگی۔عدالت نے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا اور کچھ دیر بعد سناتے ہوئے نوازشریف کی العزیزیہ اور ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا کے خلاف اپیلیں بحال کردیں

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.