نیویارک : شہری حکومت نے لائف اسٹائل میڈیسن پروگرام شروع کردیا
نیویارک سٹی کے محکمہ صحت اور میئر آفس سے ایتھنک اینڈ کمیونٹی میڈیا کے شعبے نے لائف اسٹائل میڈیسن پروگرام پر ورچوئل راونڈ ٹیبل مکالمے کا اہتمام کیا۔۔۔ اس مکالمے میں شہری حکومت کے زیر انتظام اسپتالوں اور پروگرام کی ڈایریکٹر ڈاکٹر مشعل مک میکن، پروگرام کی میڈیکل ڈائریکٹر ڈاکٹر ایتھا ہیرووڈ، میئر آفس سے ایتھنک میڈیا کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ہوزے بیونا اور فیمود کونیہہ سمیت مختلف کمیونٹی میڈیا کے نمائندگان نے شرکت کی۔طبی ماہرین کا کہنا تھا کہ کم آمدن افراد کے لیے صحت بخش غذاء کی فراہمی ایک سنجیدہ مسئلہ ہے۔ بہتر غذاء اور ادویات کے استعمال سے متعلق آگہی اور ضرورت مند مریضوں کے لیے لائف اسٹائل میڈیسن پروگرام شروع کیا ہے جو 24 ہفتوں پر مشتمل ہوگا، سالانہ ہزاروں مریضوں کی زندگی میں بہتری آئے گی اور تقریبا ساڑھے 850 مریض اس وقت پروگرام میں شامل ہونے کے منتظر ہیں۔ماہرین کا کہنا تھا کہ ہماری کوشش ہوگی کہ ایسے مریض جن کے پاس کسی بھی قسم کی ہیلتھ انشورنس نہیں ہے انھیں بھی ممکنہ طور پر کچھ ریلیف دیا جاسکے۔ پینل میں شریک ڈاکٹرز نے اس بات پر زور دیا کہ اچھی صحت اور لائف اسٹائل کے لیے ضروری ہے کہ تازہ اور کیمیکل سے پاک سے خوراک کا استعمال کیا جائے۔مقررین کا یہ بھی کہنا تھا کہ کمیونٹی پارٹنرز کے ساتھ مل کر کام کرنے کی بھی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔ پروگرام میں شامل ہونے والے مریضوں کا ابتدائی تین ہفتوں میں فزیشن معائنہ کریں گے جس کے بعد ڈائٹیشن اور ہیلتھ کوچ ان کی رہنمائی کریں گے اور اگلے 14 ہفتے ان کے لیے روزانہ ایک گھنٹے کے دورانیے پر مشتمل گروپ سیشن منعقد کیا جائےگا ۔راونڈ ٹیبل کے شرکاء نے مختلف سوالات کیے اور پروگرام کی بہتری کے لیے تجاویز اور مشورے بھی دیے۔