نیویارک:مشہور برانڈز کی 35 ملین ڈالرزمالیت کی جعلی کھیپ ضبط
نامور برانڈز گوچی ،لوئس ، پراڈا، اور شینل کےجعلی ٹیگز والے بیگز گلاسز اور کیپس شامل
ویب ڈیسک : نیویارک پولیس نے لوئر مین ہٹن پر چھاپہ مار کارروائی کے دوران 18مشتبہ افراد کو گرفتار کرکے برانڈز کے نام پر فروخت کیا جانے والا 35 ملین ڈالرز مالیت کا جعلی سامان ضبط کرلیا۔ضبط کیے گئے سامان میں نامور برانڈز گوچی ،لوئس اور شینل کےجعلی ٹیگز والے بیگز، پراڈا اور مختلف برانڈز کے جعلی ٹیگز والے گلاسز اور کیپس شامل ہیں۔نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ کے مطابق کمیونٹی اور کاروباری مالکان کی جانب سے جعلی اشیا کے بارے میں بہت سی شکایات موصول ہونے کے بعد کارروائی عمل میں لائی گئی۔پولیس نے اٹھارہ افراد کو تحویل میں لینے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ مشتبہ افراد پر ٹریڈ مارک جعل سازی کے الزامات ہیں۔اطلاعات ہیں کہ مذکورہ مقام پر سالوں سے غیرقانونی فروخت دیکھی گئی ہیں۔نیویارک پولیس نے غیر قانونی فروخت کے خلاف کارروائی جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔