نیویارک کے میئر زوہران ممدانی نے شہر کو موسمِ سرما کے طوفانوں کے لیے تیار کرنے کے لیے نئے منصوبے کا اعلان کیا ہے۔ منصوبے کے تحت بے گھر افراد کے لیے کوڈ بلیو نظام کو 25 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری سے وسعت دی جائے گی، جبکہ برف ہٹانے کے نظام کو بھی مزید مضبوط بنایا جائے گا۔
میئر ممدانی کا کہنا تھا کہ شہر پورے سال سے سردیوں کی تیاری کر رہا ہے اور کسی بھی شہری کو سردی کے خطرات کا اکیلے سامنا نہیں کرنا چاہیے۔ کوڈ بلیو کے تحت 300 سے زائد کینوسرز شہریوں کو سرد موسم کی سہولیات سے آگاہ کریں گے، جبکہ درجنوں موبائل یونٹس طبی امداد دیں گے اور لوگوں کو وارمنگ سینٹرز اور اسپتالوں تک پہنچائیں گے۔ این وائی سی ہیلتھ اینڈ ہاسپٹلز کے کم از کم چار اسپتال وارمنگ سینٹرز کے طور پر کھولے جائیں گے، جبکہ شدید ترین موسم میں اس کے تمام 11 مراکز کھول دیے جائیں گے۔ بے گھر افراد کے لیے سینکڑوں سنگل اور ڈبل اوکیوپینسی کمرے بھی دستیاب ہوں گے۔ میئر نے واضح کیا کہ اگر کوئی شخص قانونی معیار پر پورا اترتا ہو، یعنی ذہنی طور پر غیر مستحکم ہو اور اپنے یا دوسروں کے لیے خطرہ ہو، تو اسے نفسیاتی معائنے کے لیے زبردستی اسپتال منتقل کیا جا سکتا ہے۔ محکمہ سینیٹیشن نے برف ہٹانے کے روٹس میں بس اسٹاپس اور فٹ پاتھ بھی شامل کر دیے ہیں، 650 سے زائد ہل اپ گریڈ کیے گئے ہیں اور 120 نئے اسنو بلوورز خریدے گئے ہیں۔ ادارے کے پاس 500 ملین پاؤنڈ نمک موجود ہے، جبکہ پچھلے سال مشکلات کے بعد اسٹیٹن آئی لینڈ کے پہاڑی علاقوں میں آٹھ نئے روٹس بھی شامل کیے گئے ہیں۔ ایمرجنسی اسنو شولرز پروگرام میں اب تک 3 ہزار سے زائد افراد رجسٹر ہو چکے ہیں، جنہیں فی گھنٹہ 30 ڈالر ملیں گے، اور ہفتے میں 40 گھنٹے کام کے بعد یہ اجرت 45 ڈالر ہو جائے گی۔