ڈیٹرائٹ میں یومِ اقبال اور قائداعظم کی 150ویں سالگرہ کی تقریب، پاکستانی کمیونٹی کا خراجِ تحسین
امریکی ریاست مشی گن کے شہر ڈیٹرائٹ میں پاکستانی امریکن کمیونٹی کی تنظیم اے پی سی اے کے زیرِ اہتمام یومِ اقبال اور بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی 150ویں سالگرہ کی مناسبت سے تقریب منعقد ہوئی، جس میں قونصل جنرل پاکستان شکاگو زمان مہدی نے خصوصی شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قونصل جنرل زمان مہدی نے کہا کہ علامہ اقبال نے اپنی شاعری اور فکر کے ذریعے برصغیر کے مسلمانوں میں خود اعتمادی، قومی شناخت اور روشن مستقبل کا شعور اجاگر کیا۔ ان کے مطابق اقبال کا پیغام علم، مضبوط کردار اور مسلسل جدوجہد کے ذریعے قوموں کی تعمیر کا درس دیتا ہے۔قائداعظم کی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال نے مسلمانوں کے سیاسی مستقبل کا فکری تصور پیش کیا، جبکہ قائداعظم نے اپنی سیاسی بصیرت اور آئینی جدوجہد سے اسے آزاد ریاست کی شکل دینے میں فیصلہ کن کردار ادا کیا۔تقریب میں اقبال کی شاعری اور فکری ورثے کو یاد کیا گیا۔ آخر میں قونصل جنرل نے اے پی سی اے اور ڈیٹرائٹ کی پاکستانی کمیونٹی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایسی تقریبات بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو اپنے قومی اور تہذیبی ورثے سے جوڑنے اور نئی نسل تک بانیانِ پاکستان کا پیغام پہنچانے کا ذریعہ ہیں۔