vosa.tv
Voice of South Asia!

 امریکا میں ایک ہزار سالہ شدت کے سیلاب سے دو ریاستوں کے قصبے زیرِ آب، ایک خاتون جاں بحق

0

امریکا کی ریاستوں ٹینیسی اور جارجیا کی سرحد پر شدید بارشوں کے باعث تباہ کن سیلاب نے دو قصبوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، جس کے نتیجے میں عمارتیں زیرِ آب آگئیں، درجنوں افراد کو ریسکیو کیا گیا جبکہ کم از کم ایک خاتون جاں بحق  ہوگئی۔

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق نیشنل ویدر سروس نے اس سیلاب کو ایک ہزار سال میں ایک بار رونما ہونے والے غیرمعمولی واقعے کے برابر قرار دیا ہے۔ جمعرات کی صبح تک پہاڑی علاقوں میں صرف چھ گھنٹوں کے دوران 10.28 انچ اور 12 گھنٹوں میں 11.19 انچ بارش ریکارڈ کی گئی۔جارجیا کے علاقے میک کیزویل اور ٹینیسی کے قصبے کاپرہل میں جمعے کو پانی اترنے کے بعد شہریوں اور امدادی کارکنوں نے صفائی اور بحالی کا کام شروع کیا۔ سیلابی ریلے سے سڑکیں کیچڑ اور ملبے سے بھر گئیں، جبکہ علاقے کا واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ بھی غیر فعال ہوگیا۔حکام کے مطابق دونوں ریاستوں کی تیز رفتار ریسکیو ٹیموں نے درجنوں افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔ جارجیا کے علاقے مرے کاؤنٹی میں 56 سالہ جولی بارز گاڑی کے ذریعے سیلابی پانی عبور کرنے کی کوشش کے دوران ہلاک ہوگئیں۔یہ دونوں قصبے گزشتہ تین ماہ کے دوران دوسری مرتبہ تباہ کن سیلاب کا سامنا کر رہے ہیں۔ اس سے قبل اگست کے آغاز میں آنے والے سیلاب کو بھی نیشنل ویدر سروس نے 500 سال میں ایک بار رونما ہونے والے واقعے کے برابر قرار دیا تھا۔دوسری جانب یہی طوفانی نظام جمعے کو امریکی مشرقی ساحلی علاقوں کی جانب بڑھ گیا، جس کے باعث شمالی کیرولائنا سے میساچوسٹس تک سیلاب سے متعلق انتباہ جاری کیے گئے۔ ریاست میساچوسٹس کے علاقے فالماؤتھ میں شدید بارش سے سڑکیں اور پولیس ہیڈکوارٹر بھی زیرِ آب آگئے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.