vosa.tv
Voice of South Asia!

گھوڑا گاڑیوں پرپابندی، ڈرائیورزکی میئرممدانی سے روزگاربچانےکی اپیل

0

نیویارک(نیوزڈیسک) گھوڑا گاڑیوں پر پابندی کے فیصلے سے متاثر ہونے والے ڈرائیورز نے میئر ظہران ممدانی سے اپنا روزگار بچانے کی اپیل کردی، ڈرائیورز کا کہنا ہے کہ اس فیصلے سے تقریباً 200 افراد بے روزگار ہوجائیں گے، جبکہ کئی افراد اپنی جمع پونجی بھی اس کاروبار میں لگا چکے ہیں۔

سینٹرل پارک کی ڈیڑھ سو سالہ قدیم گھوڑا گاڑیوں کی روایت ختم کرنے کے فیصلے کے خلاف ڈرائیورز  سامنے آگئے، متاثرہ افراد نے میئر ظہران ممدانی سے قانون پر ویٹو لگانے اور ان کے روزگار کے تحفظ کا مطالبہ کیا ہے۔نیویارک پوسٹ کے مطابق سٹی ہال میں بدھ کے روز ہونے والی سماعت کے دوران ڈرائیورز نے مؤقف اختیار کیا کہ وہ محنت کش طبقے اور تارکین وطن کی نمائندگی کرتے ہیں، جبکہ کئی افراد گھوڑا گاڑی چلانے کے اجازت ناموں پر 4 لاکھ ڈالر تک خرچ کرچکے ہیں۔

شہری کونسل نے گزشتہ ماہ گھوڑا گاڑیوں کی صنعت ختم کرنے کا بل منظور کیا تھا، جسے 18 سالہ سیاح رومانچ مہاجن کے نام پررومانچز لا کا نام دیا گیا، جو رواں سال جولائی میں سینٹرل پارک میں گھوڑا گاڑی سے گرنے کے بعدجان سے گئے تھے۔قانون کے تحت یکم جون 2028 سے نیویارک شہر میں گھوڑا گاڑیوں کا کاروبار مکمل طور پر بند کردیا جائے گا، تاہم متاثرہ ڈرائیورز کو مالی معاوضے کے بجائے متبادل روزگار کی تربیت فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔میئر ممدانی نے ڈرائیورز کے خدشات سننے اور ان کے لیے منصفانہ متبادل روزگار فراہم کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے، جبکہ ڈرائیورز کی نمائندہ یونین نے قانون کے خلاف عدالت سے رجوع کرنے کا اعلان بھی کیا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.