vosa.tv
Voice of South Asia!

 ریاض میں یومِ اقبالؒ کے سلسلے میں ایک پروقار تقریب

0

سعودی دارالحکومت ریاض میں یومِ اقبالؒ کے سلسلے میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں سفیر پاکستان سمیت دیگر سفارتی افسران اور پاکستانی کمیونٹی کے اراکین کی بڑی تعداد نے شرکت کی

دارالحکومت ریاض میں اظہار فورم اور جمعیت اساتذہ پاکستان (سعودیہ چیپٹر) کے زیرِ اہتمام منعقدہ یومِ اقبالؒ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سفیر پاکستان احمد فاروق نے شاعرِ مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبالؒ کی فکر و فلسفے، نوجوانوں کی فکری تربیت، خود شناسی اور خودی کے پیغام پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ علامہ اقبالؒ کا کلام محض شاعری نہیں بلکہ ایک مکمل فکری رہنمائی ہے، جو نوجوان نسل کو خود اعتمادی، بلند کردار، محنت اور قومی ذمہ داری کا احساس دلاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقبالؒ نے نوجوانوں کو شاہین کا تصور دے کر انہیں بلند پروازی، خودداری اور مشکلات کا مقابلہ کرنے کا درس دیا۔ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ نئی نسل اقبالؒ کے افکار کو سمجھے اور ان پر عمل کرتے ہوئے پاکستان کی ترقی و خوشحالی میں اپنا کردار ادا کرے.تقریب کے میزبان اظہار فورم اور جمعیت اساتذہ پاکستان کے عہدیداروں پروفیسر عظمت بھٹہ، منصور محبوب، رانا عمر فاروق، راشد محمود، خالد اکرم رانا، عمر کیلانی اور دیگر کا کہنا تھا کہ علامہ اقبالؒ کی فکر آج بھی پاکستانی معاشرے کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ اقبالؒ نے نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں پر یقین، علم کے حصول، کردار سازی اور خودی کا درس دیا۔ انہوں نے کہا کہ بچوں اور نوجوانوں کو فکرِ اقبال سے روشناس کرانا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ ایک باشعور، تعلیم یافتہ اور باکردار نسل تیار ہو سکے، جو معاشرتی اصلاح کے ساتھ ساتھ ملکی ترقی، استحکام اور خوشحالی میں مؤثر کردار ادا کر سکے.مقررین کا کہنا تھا کہ اقبالؒ کا پیغام خودی، اتحاد، عمل اور خودداری آج بھی ہماری قومی زندگی میں رہنمائی فراہم کرتا ہے، ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم ان کے افکار کو صرف تقریبات تک محدود رکھنے کے بجائے اپنی عملی زندگی کا حصہ بنائیں. تقریب میں اقبالیات پر تقاریر کرنے والے سکول کے بچوں میں اعزازی سرٹیفکیٹ اور شیلڈز بھی تقسیم کی گئیں

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.