vosa.tv
Voice of South Asia!

نیویارک: ویلی اسٹریم میں ڈیموکریٹک امیدواروں کا میٹ اینڈ گریٹ

0

ویلی اسٹریم(نیوزڈیسک)نیویارک کے علاقے ویلی اسٹریم میں ڈیموکریٹک امیدواروں کے اعزاز میں میٹ اینڈ گریٹ کا انعقاد کیا گیا۔جس کی میزبانی شکیل رحمان نے کی۔ تقریب میں مختلف انتخابی حلقوں سے تعلق رکھنے والے ڈیموکریٹک امیدواروں نے شرکت کی، جہاں مقامی کمیونٹی کے افراد کو امیدواروں سے براہِ راست ملاقات اور سوالات کرنے کا موقع فراہم کیا گیا۔

بھارتی نژاد مسلم امریکن  شکیل رحمان  کی میزبانی میں منعقد ہونے والی تقریب کا مقصد عوام میں انتخابی شعوراجاگر کرنا اور شہریوں کو ووٹ کے حق کے استعمال کی ترغیب دینا تھا۔ تقریب کے میزبان شکیل رحمان نے میٹ اینڈ گریٹ پروگرام کے آغاز پر ڈیموکریٹک امیدواروں کو شرکاء سے متعارف کروایا اور ان کی آمد کا خیرمقدم کیا۔

تقریب میں امریکی کانگریس وومن لورا گلن، اسمبلی ممبر میکائل سولاجز ، ناساؤ کاؤنٹی کی لیجسلیٹر سنتھیا نیونیز اور ناساؤ کاؤنٹی کےلیجیسلیٹر  کیری سولاجز، ٹاؤن آف ہیمپسٹیڈ کے سپروائزر کے امیدوار جو شنا بلو اور کلرک کی امیدوار جوئلیٹ ولیمز نے شرکت کی۔ اس موقع پر رہنماؤں نے کمیونٹی کی ترقی، تارکینِ وطن کے حقوق اور عوامی سہولیات کی بہتری کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے ناساؤ کاؤنٹی کے لیے ترقیاتی فنڈز، YMCA سینٹر، اسکولوں کی فنڈنگ اور مفت لنچ پروگرام پر روشنی ڈالی۔تقریب کے دوران کمیونٹی کے افراد نے امیدواروں سے مختلف سوالات کیے، جن کے جوابات امیدواروں نے براہِ راست دیے۔ڈیموکریٹک امیدواروں نے وائس آف ساؤتھ ایشیاءسےخصوصی  گفتگو میں  اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ کاؤنٹی لیجسلیٹر سنتھیا نیونیز نے ووٹ کی اہمیت، اسلاموفوبیا اور ہر قسم کی مذہبی و نسلی نفرت کے خلاف متحد ہونے پر زور دیا۔ انہوں نے کمیونٹی کے حقوق اور مسائل کی حکومتی سطح پر نمائندگی کا عزم ظاہر کرتے ہوئے عوام سے اپنے جمہوری حقِ رائے دہی کے استعمال کی اپیل کی۔

ٹاؤن آف ہیمپسٹیڈ  سپروائزر کینڈیڈیٹ جو شنابلو نے تمام کمیونٹیز،خصوصاً مسلم کمیونٹی کو حکومتی معاملات میں مساوی نمائندگی دینے اور کسی بھی کمیونٹی کو نظر انداز نہ کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے عوام سے ووٹ ڈالنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ہر کمیونٹی کو حکومتی فیصلوں میں مؤثر آواز اور شمولیت کا حق حاصل ہونا چاہیے۔ٹاؤن آف ہیمپسٹیڈ کلرک کی امیدوار جوئلیٹ ولیمز نے عوام سے ووٹ ڈالنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ مقامی مسائل کے حل اور بہتر نمائندگی کے لیے ہر ووٹ اہم ہے۔ انہوں نے عوام کو یقین دلایا کہ منتخب نمائندے ان کے مسائل سننے اور حل کرنے کے لیے خدمت انجام دیں گے۔نیویارک اسٹیٹ اسمبلی ممبر میکائیل سولاجز نے یوٹیلیٹی بلز میں کمی، پراپرٹی ٹیکس میں ریلیف اور صحت کی سہولیات کے تحفظ کو اپنی اہم ترجیحات قرار دیا۔ انہوں نے وفاقی حکومت کی جانب سے ہیلتھ کیئر فنڈنگ میں کٹوتیوں پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ وہ عوام کو سستی طبی سہولیات فراہم کرنے اور علاج کے بھاری اخراجات سے بچانے کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گی۔

ناساؤ کاؤنٹی لیجیلیٹر کیری سولاجز نے کہا کہ یہ انتخاب تمام امریکیوں، خصوصاً تارکینِ وطن اور ان کی اولاد کے مستقبل کے لیے اہم ہے۔انہوں نے اسلاموفوبیا اور ہر قسم کی نسلی و مذہبی نفرت کے خلاف متحد ہو کر آواز اٹھانے پر زور دیا اور کہا کہ ہم سب ایک قوم ہیں اور اتحاد ہی ہماری اصل طاقت ہے۔پروگرام کے اختتام پر ڈیموکریٹک امیدواروں نے میزبان شکیل رحمان کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور کمیونٹی کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے اور ان کے ساتھ براہِ راست رابطے کا موقع فراہم کرنے پر ان کی کاوشوں کو سراہا۔میٹ اینڈ گریٹ کی یہ  تقریب مقامی کمیونٹی کو انتخابی امیدواروں سے براہِ راست ملنے، ان کے سامنے سوالات رکھنے اور جمہوری و انتخابی سرگرمیوں میں اپنی شرکت کو مؤثر بنانے کے لیے ایک اہم موقع ثابت ہوئی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.