امریکی شہر نیویارک میں 2026 کے وسط مدتی انتخابات کے دوران شہری صرف امیدواروں کا انتخاب نہیں کریں گے بلکہ انہیں بلدیاتی نظام میں مجوزہ پانچ اہم ترامیم پر بھی ووٹ دینا ہوگا۔
امریکی نشریاتی ادارے سی بی ایس نیوز کے مطابق ان تجاویز کا مقصد شہر کے انتظامی امور، سرکاری معاہدوں، سڑکوں کی حفاظت، تعمیراتی اجازت ناموں اور ہنگامی مالی ذخائر سے متعلق طریقہ کار میں تبدیلیاں کرنا ہے۔پہلی تجویز کے تحت سرکاری فٹ پاتھ اور دیگر عوامی مقامات پر نجی استعمال کی سہولتیں، مثلاً بینچ، ریمپ، گملے اور فٹ پاتھ کیفے قائم کرنے کی اجازت کا عمل آسان بنانے کی تجویز دی گئی ہے۔ دوسری تجویز شہر کے سرکاری ٹھیکوں اور معاہدوں کے طریقہ کار کو آسان بنانے سے متعلق ہے۔تیسری تجویز میں سڑکوں کی حفاظت کے منصوبوں کی منظوری، غیر استعمال شدہ سرکاری اراضی کی فروخت اور سرکاری دفاتر کے لیے جگہ کرائے پر لینے کے طریقہ کار میں تبدیلیاں شامل ہیں۔ چوتھی تجویز کے تحت عمارتوں کی تعمیر کے اجازت ناموں کے لیے ایک مرکزی آن لائن نظام قائم کیا جائے گا، تاکہ شہریوں کو مختلف سرکاری محکموں کے الگ الگ نظام سے گزرنا نہ پڑے۔ پانچویں اور آخری تجویز شہر کے ہنگامی مالی ذخائر سے متعلق ہے۔ اس کے تحت گزشتہ سال کی ٹیکس آمدن کا کم از کم 12 فیصد بطور مالی ذخیرہ رکھنے کا ہدف مقرر کیا جائے گا۔سی بی ایس نیوز کے مطابق ان پانچوں تجاویز کے حق میں ووٹ دینے سے مجوزہ ترامیم منظور ہوں گی، جبکہ مخالفت میں ووٹ دینے کی صورت میں موجودہ طریقہ کار برقرار رہے گا۔