امریکی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی نے شمالی کیرولائنا کے 37 سالہ جیمز تھامس ایشباکر کو انتہائی خفیہ دفاعی معلومات سوشل میڈیا پر شیئر کرنے اور فوج کے نائٹ ویژن آلات چوری کرنے کے الزام میں گرفتار کرلیا۔
محکمہ انصاف کے مطابق ایشباکر فورٹ براگ میں امریکی فوج کو سکیورٹی اور ہنگامی انتظامات کی خدمات فراہم کرنے والی کمپنی کے ملازم تھے، اور انہیں ٹاپ سیکرٹ سکیورٹی کلیئرنس حاصل تھی۔ استغاثہ کے مطابق انہوں نے خفیہ فوجی کارروائیوں کی ویڈیوز اور تصاویر بغیر اجازت اتاریں اور سوشل میڈیا سائٹ پر پوسٹ کردیں، جو بعد میں دیگر صارفین نے دوسری سائٹ پر دوبارہ شیئر کیں۔ ان کے گھر کی تلاشی کے دوران ایک خفیہ فوجی ایوارڈ نامزدگی دستاویز اور آرمی اسپیشل آپریشنز کمانڈ سے گمشدہ نائٹ ویژن گاگلز بھی برآمد ہوئے۔ ایشباکر پر قومی دفاعی معلومات کی غیرمجاز ترسیل، دفاعی ریکارڈ رکھنے اور سرکاری املاک کی چوری کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔