نیویارک کے میئر زہران ممدانی، محکمہ پارکس کی کمشنر ٹریشیا شمامورا اور نیویارک لبرٹی اور بروکلین نیٹس کی مالک کلارا وو سائی نے بروکلین کے فش پلے گراؤنڈ میں تین باسکٹ بال کورٹس کی تزئین و آرائش مکمل ہونے کا اعلان کیا ہے۔
منصوبے کے تحت کھیل کے میدانوں کی نئی سطحیں تیار کی گئی ہیں، نئے بیک بورڈز اور جال نصب کیے گئے ہیں جبکہ سرمئی، سیاہ اور ہلکے سبز رنگ سے کورٹس کو نیا روپ دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ کھلاڑیوں اور تماشائیوں کے لیے نئی بینچیں، پینے کے پانی کا فوارہ اور حفاظتی باڑ بھی بہتر بنائی گئی ہے۔یہ منصوبہ جو اور کلارا سائی فاؤنڈیشن کے سوشل جسٹس فنڈ کی جانب سے 2.89 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کا حصہ ہے، جس کے تحت بروکلین کے پانچ پارکس میں مجموعی طور پر 13 باسکٹ بال کورٹس کو بہتر بنایا جا رہا ہے۔ اس منصوبے کے لیے مالی معاونت نیویارک محکمہ پارکس کے ایڈاپٹ اے پارک پروگرام کے ذریعے فراہم کی گئی ہے۔فش پلے گراؤنڈ کے علاوہ جیکی رابنسن پلے گراؤنڈ، بروکلین بال فیلڈز، فاکس پلے گراؤنڈ اور سن سیٹ پارک میں بھی باسکٹ بال کورٹس کی تزئین و آرائش کی گئی ہے۔ ان مقامات کا انتخاب محکمہ پارکس کے مشورے سے کیا گیا، تاکہ مسلح تشدد سے متاثرہ علاقوں میں تفریحی سہولتوں تک رسائی بہتر بنائی جاسکے۔