جدہ: پنجاب اوورسیز کمیشن کے وائس چیئرمین بیرسٹر امجد ملک کے اعزاز میں تقریب
سعودی عرب کے شہر جدہ میں مسلم لیگ ن سعودی عرب کے صدر شیخ سعید احمد کی جانب سے پنجاب اوورسیز کمیشن کے وائس چیئرمین بیرسٹر امجد ملک کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں قونصل جنرل پاکستان جدہ سید مصطفیٰ ربانی، مسلم لیگ ن کے عہدیداران، کارکنوں اور پاکستانی کمیونٹی کے ارکان نے شرکت کی
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بیرسٹر امجد ملک کا کہنا تھا کہ سمندر پار پاکستانی ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اور ان کے مسائل کا حل حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ اوورسیز پاکستانیوں کی شکایات کے ازالے کے لیے شکایت پورٹل، سہولت کاری ڈیسک اور پنجاب کے 37 اضلاع میں خصوصی عدالتوں کا قیام عمل میں لایا جا چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اوورسیز پاکستانیوں نے رواں سال 58 ارب ڈالر کی ترسیلات زر بھیج کر ملکی معیشت کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے، حکومت ان کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور ان کے مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔قونصل جنرل پاکستان جدہ سید مصطفیٰ ربانی نے اپنے خطاب میں کہا کہ سعودی عرب میں مقیم پاکستانی ہمارا قیمتی سرمایہ ہیں، جو مختلف شعبوں میں متحرک اور فعال کردار ادا کر رہے ہیں۔ قونصلیٹ کی ہمیشہ کوشش رہی ہے کہ پاکستانی شہریوں کی بہتر رہنمائی کی جائے اور ان کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے۔تقریب کے میزبان اور مسلم لیگ ن سعودی عرب کے صدر شیخ سعید احمد کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور وائس چیئرمین بیرسٹر امجد ملک کی قیادت میں پنجاب اوورسیز کمیشن سمندر پار پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لیے جس تیزی اور سنجیدگی سے کام کر رہا ہے، وہ قابلِ تحسین ہے۔ اس سلسلے میں ان کی کاوشوں پر ہم ان کے شکر گزار ہیں۔تقریب سے عدنان اقبال بٹ، علی خورشید ,میاں رضوان سمیت دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا اور اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لیے پنجاب حکومت اور پنجاب اوورسیز کمیشن کی کوششوں کو سراہا