میئر زہران ممدانی نے غیرمنافع بخش تنظیموں کے 33 رہنماؤں پر مشتمل نان پرافٹ ایڈوائزری کونسل کیلئے تقرریوں کا اعلان کیا ہے، جو انتظامیہ کی ترجیحات کی تشکیل میں رہنمائی کرے گی۔
حکام کے مطابق کونسل میں سماجی خدمات، تعلیم، قانونی معاونت، بے گھر افراد کی خدمات، چائلڈ کیئر اور آرٹس سمیت مختلف شعبوں کی تنظیموں کے نمائندے شامل ہیں۔ میئر ممدانی نے کہا کہ غیرمنافع بخش ادارے بچوں کو تعلیم دیتے، بزرگوں کا تحفظ کرتے اور کمیونٹیز کو زندہ رکھتے ہیں، اور شہری انتظامیہ کو ان کیلئے اتنی ہی محنت کرنی چاہیے۔ ڈپٹی میئر ڈاکٹر ہیلن آرٹیگا نے کہا کہ ان تنظیموں کے رہنماؤں کا انتظامیہ کے ساتھ مشاورت میں بیٹھنا ضروری ہے۔ کونسل کی سربراہی ہسپینک فیڈریشن کے سی ای او فرینکی میرانڈا کریں گے، جبکہ ڈے کیئر کونسل آف نیویارک کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر ٹارا گارڈنر شریک سربراہ ہوں گی۔ ارکان میں لیگل ایڈ سوسائٹی، چائنیز امریکن پلاننگ کونسل، یونائیٹڈ وے نیویارک سٹی اور فارچیون سوسائٹی جیسی نمایاں تنظیموں کے سربراہان شامل ہیں۔