امارات میں خودکارگاڑیوں کی آمائش کامرکز، روبوٹکس ٹرائلزمیں توسیع
ریاس الخیمہ (نیوزڈیسک)ریاست راس الخیمہ نے خودکار گاڑیوں کی آزمائش کیلئے خصوصی مرکز قائم کرتے ہوئے روبوٹیکسی کے تجربات کا دائرہ الضعیت ساؤتھ تک بڑھا دیا ہے، جسے مستقبل کے جدید ٹرانسپورٹ نظام کی تیاری میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
راس الخیمہ ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے جمعہ 30 اکتوبر کو خودکار نقل و حرکت کا فریم ورک اور آٹونومس وہیکل سینڈ باکس منصوبہ متعارف کروایا، تقریب میں متحدہ عرب امارات کی سپریم کونسل کے رکن اور راس الخیمہ کے حکمران شیخ سعود بن صقر القاسمی سمیت مختلف سرکاری اداروں، ٹیکنالوجی کمپنیوں اور تحقیقی اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔منصوبے کا مقصد ڈرائیور کے بغیر چلنے والی گاڑیوں کی ٹیکنالوجی کو آزمانے اور جانچنے کیلئے مربوط ماحول فراہم کرنا اور خودکار گاڑیوں و جدید نقل و حمل کے شعبے میں کام کرنے والی بین الاقوامی کمپنیوں کو سرمایہ کاری کی جانب راغب کرنا ہے۔
اتھارٹی کے مطابق روبوٹیکسی کے ابتدائی تجربات 2026ء کے اوائل میں جزیرہ المرجان پر شروع کیے گئے تھے، جن کے دوران گاڑیوں نے 21 ہزار کلومیٹر سے زائد سفر کیا۔ روبوٹیکسی کے تجربات کو الضعیت ساؤتھ تک بڑھانے کا مقصد مختلف مقامات اور حالات میں خودکار گاڑیوں کی کارکردگی جانچنا ہے تاکہ مستقبل میں انہیں ریاست کے وسیع تر ٹرانسپورٹ نیٹ ورک کا حصہ بنایا جا سکے۔ اس سے قبل جزیرہ المرجان پر خودکار روبوبس کی آزمائش بھی کی جا چکی ہے۔