امریکی ریاست کیلیفورنیا کے ساحلی شہر سان کلیمنٹے سمیت جنوبی کیلیفورنیا کے کئی ساحلی قصبے شدید ساحلی کٹاؤ کا سامنا کررہے ہیں، ماہرین کے مطابق سپر ایل نینو موسمی نظام کے باعث حالات مزید خراب ہوسکتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق تیز سمندری لہروں اور طوفانوں نے سان کلیمنٹے سمیت ڈانا پوائنٹ، لانگ بیچ اور ملیبو کے ساحلوں کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔ یو ایس جیولوجیکل سروے کے ماہر شان ویٹوسیک کے مطابق اگر سپر ایل نینو متوقع شدت سے آیا تو ساحلی کٹاؤ کے غیرمعمولی واقعات پیش آسکتے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق ستمبر کے آغاز میں شدید لہروں نے سان کلیمنٹے سے گزرنے والی اہم ریلوے لائن کو متعدد بار بند کرنے پر مجبور کیا، جو گزشتہ 5 سال میں 7 بار بند ہوچکی ہے۔ رواں سال نجی املاک کو 33 ملین ڈالر اور عوامی ساحل کو 25 ملین ڈالر کا نقصان پہنچا، جبکہ 10 گھروں کو ناقابل رہائش قرار دیا گیا۔ ماہرین کے مطابق کیلیفورنیا کے ساحل کا تقریباً 38 فیصد حصہ پتھروں اور دیواروں سے محفوظ کیا جاچکا ہے، تاہم ماہرین خبردار کرتے ہیں کہ اس طرح کی مصنوعی رکاوٹیں طویل مدت میں ساحلوں کو مکمل طور پر ختم کردیتی ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ 2023 کی ایک تحقیق کے مطابق موسمیاتی تبدیلی سے سطح سمندر میں اضافے کے باعث 2100 تک کیلیفورنیا کے 25 سے 75 فیصد ساحل ختم ہوسکتے ہیں۔