vosa.tv
Voice of South Asia!

امریکی ریاستوں کی میڈیکیڈ ہارڈشپ استثنیٰ قبول نہ کرنے کی وجہ سیاسی قرار

0

 امریکی ریاستیں مسوری اور آیووا نئے وفاقی میڈیکیڈ ورک شرائط کے دوران کم آمدنی والے افراد کو کوریج برقرار رکھنے میں مدد دینے والا ہارڈشپ استثنیٰ قبول نہیں کر رہیں، ماہرین کے مطابق اس کی بڑی وجہ سیاسی نظریات ہیں۔

 رپورٹ کے مطابق یکم جنوری سے نافذ ہونے والی نئی وفاقی شرائط کے تحت ایفورڈایبل کیئر ایکٹ کے تحت میڈیکیڈ حاصل کرنے والے بالغ افراد کو ماہانہ کم از کم 80 گھنٹے ملازمت، تعلیم، رضاکارانہ خدمات یا دیگر سرگرمی میں شامل ہونا لازمی ہوگا، تاہم بل میں اسپتال میں داخل مریضوں، آفات سے متاثرہ یا زیادہ بے روزگاری والے علاقوں کے رہائشیوں کیلئے استثنیٰ بھی شامل ہے۔ رپورٹ کے مطابق نیویارک شہر نے حال ہی میں برونکس کیلئے زیادہ بے روزگاری کا استثنیٰ اپنایا ہے، جہاں تقریباً 2 لاکھ رہائشی نئی شرائط سے مستثنیٰ ہوں گے، تاہم ادارے کے فف کی تحقیق کے مطابق مسوری اور آیووا جیسی ریاستیں اہل اضلاع رکھنے کے باوجود یہ استثنیٰ قبول نہیں کر رہیں۔ کے ایف ایف کی جینیفر ٹالبرٹ کے مطابق کچھ ریاستی حکام نظریاتی طور پر ورک شرائط کو سب پر یکساں لاگو کرنا چاہتے ہیں، جبکہ انتظامی بوجھ بھی ایک عنصر ہوسکتا ہے۔ بوسٹن یونیورسٹی کی ماہر سارہ گورڈن کے مطابق جو ریاستیں یہ استثنیٰ قبول نہیں کر رہیں وہ عموماً زیادہ قدامت پسند ہیں اور صحت انشورنس کو ملازمت سے مشروط کرنے کے نظریے کی حامی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق 2018 میں آرکنساس میں اسی نوعیت کی شرائط نافذ ہونے کے بعد سال کے اختتام تک 18 ہزار سے زائد افراد کوریج سے محروم ہوگئے تھے، تاہم روزگار میں کوئی خاطر خواہ اضافہ نہیں ہوا تھا۔ ماہرین کے مطابق ایسی شرائط سے روزگار میں اضافہ نہیں ہوتا بلکہ انتظامی پیچیدگیوں کے باعث لوگ پروگرام سے محروم ہوجاتے ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.