vosa.tv
Voice of South Asia!

کنساس: ٹیلی میڈیسن پلیٹ فارم کے مالک کو 1 بلین ڈالر کے فراڈ پر سزا

0

 امریکی ریاست کنساس کے سی ای او بریٹ بلیک مین کو جعلی ڈاکٹری نسخے بنانے والے انٹرنیٹ پلیٹ فارم کے ذریعے میڈیکیئر اور دیگر وفاقی صحت پروگراموں سے ایک بلین ڈالر سے زائد کے فراڈ پر 19 سال قید کی سزا سنادی گئی۔

 امریکی محکمہ انصاف کے مطابق بلیک مین اور ان کے ساتھیوں نے ملک بھر میں لاکھوں میڈیکیئر مستحقین کو غیرضروری آرتھوٹک بریسز لینے پر آمادہ کیا، اور نام نہاد ٹیلی میڈیسن ڈاکٹروں سے جعلی ڈاکٹری نسخے دستخط کرائے، تاکہ میڈیکیئر کو بل بھیجا جاسکے۔ حکام کے مطابق بلیک مین ہیلتھ اسپلیش کمپنی کے مالک تھے، جس نے 2017 میں ڈی ایم ای آر ایکس نامی پلیٹ فارم خریدا، جو جعلی طبی آلات کے آرڈرز اور نسخے تیار کرتا تھا۔ استغاثہ کے مطابق فارمیسیز، طبی آلات فراہم کنندگان اور مارکیٹرز کو ٹیلی میڈیسن کمپنیوں سے ملایا جاتا، جو جعلی دستخط شدہ آرڈرز کے بدلے غیرقانونی رشوت قبول کرتی تھیں، اور بلیک مین ہر ریفرل پر اپنا حصہ وصول کرتا تھا۔ عدالتی شواہد کے مطابق ایک خفیہ ایجنٹ نے مریض بن کر ثابت کیا کہ ڈاکٹر نے کبھی مریض سے بات ہی نہیں کی، مگر پھر بھی ایسے ٹیسٹ کروانے کا جھوٹا دعویٰ کیا جو صرف ذاتی طور پر ممکن ہیں۔ حکام کے مطابق فراڈ سے متاثر ہونے والے میڈیکیئر مستحقین کی تعداد 3 لاکھ 46 ہزار سے زائد تھی، جن کے نام پر اوسطاً 4 بریسز فی بل کی گئیں، جبکہ ایک ہزار 200 سے زائد متاثروں کے نام پر کم از کم 21-21 آرتھوٹکس بل کیے گئے۔ حکام کے مطابق کل ملا کر میڈیکیئر اور دیگر اداروں کو ایک بلین ڈالر سے زائد کے بل بھیجے گئے، جن میں سے 450 ملین ڈالر سے زائد کی ادائیگی ہوچکی ہے۔ 23 روزہ جیوری ٹرائل کے بعد اپریل 2026 میں بلیک مین کو صحت کے فراڈ کی سازش اور رشوت کی سازش میں مجرم قرار دیا گیا تھا، جبکہ ان کے ساتھی گیری کوکس کو دسمبر 2025 میں 15 سال قید کی سزا ہوچکی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.