vosa.tv
Voice of South Asia!

لتھوانیا میں مشکوک ڈرون کی اطلاع، نیٹو کا جنگی طیارہ فضا میں پہنچ گیا

0

نیویارک(نیوزڈیسک)یورپی ملک لتھوانیا میں مشکوک ڈرون کی اطلاع نے سکیورٹی حکام کو فوری کارروائی پر مجبور کر دیا۔ نیٹو کے جنگی طیارے کو مشتبہ فضائی ہدف کی شناخت کے لیے فضا میں بھیجا گیا، لیکن جب پائلٹس ہدف کے قریب پہنچے تو منظر ہی کچھ اور تھا۔

اسکائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق یہ دلچسپ واقعہ شمالی لتھوانیا کے شہر شیاؤلیائی میں پیش آیا، جہاں اطالوی فضائیہ نیٹو کے بالٹک ایئر ڈیفنس مشن کے تحت تعینات ہے۔دفاعی نظام نے محدود فضائی حدود میں کم بلندی پر پرواز کرنے والی ایک نامعلوم چیز کی نشاندہی کی۔

مشرقی یورپ میں موجودہ کشیدہ سکیورٹی صورتِ حال کے باعث حکام نے کسی ممکنہ خطرے کو نظر انداز کرنے کے بجائے فوری کارروائی کا فیصلہ کیا۔کمانڈ سینٹر سے جنگی طیاروں کو فضا میں بھیجنے کی اجازت دی گئی تاکہ مشتبہ ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے اس کی شناخت کی جا سکے۔جنگی طیارے جب ریڈار سے ملنے والی معلومات کے مطابق ہدف کے قریب پہنچے تو پائلٹس نے اپنی آنکھوں سے دیکھا کہ وہاں کوئی ڈرون یا دشمن طیارہ موجود نہیں تھا۔بلکہ فضا میں درجنوں پرندے ایک ساتھ پرواز کر رہے تھے۔

یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا جب لتھوانیا میں فضائی سکیورٹی پہلے ہی سخت نگرانی میں ہے۔اس سے قبل اتوار کو مشتبہ فضائی سرگرمی کے باعث ولنیئس انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو بھی عارضی طور پر بند کیا گیا، تاہم صورتحال واضح ہونے کے بعد صرف 38 منٹ میں ایئرپورٹ دوبارہ کھول دیا گیا۔لتھوانیا کے نیشنل کرائسز مینجمنٹ سینٹر نے بھی ایئرپورٹ کی عارضی بندش اور دوبارہ کھولے جانے کی تصدیق کی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.