vosa.tv
Voice of South Asia!

کیفین کا استعمال، بچوں میں مسائل کاسبب، تحقیق

0

حالیہ تحقیق  میں  زیادہ کیفین استعمال کرنے والے  بچوںمیں نیندکی کمی اور ذہنی  صحت سے متعلق علامات کےدرمیان  تعلق سامنے آیاہے ،جس کے بعد کم عمر بچوں پرکیفین  والی  مشروبا ت کے اثرات حوالے سے تشویش  میں مزیداضا فہ ہو گیاہے ۔

سی بی ایس کی رپورٹ کے مطابق تحقیق کے دوران سائنس دانوں نے 9 سے 11 سال کی عمر کے 9 ہزار 600 سے زائد بچوں کا جائزہ لیا۔اس مقصد کے لیے بچوں کے کیفین کے استعمال، نیند کے معمولات اور دماغی اسکینز کا تجزیہ کیا گیا تاکہ یہ سمجھا جا سکے کہ یہ محرک مادہ ان کی نشو و نما کو کس طرح متاثر کر سکتا ہے۔

تحقیق کے نتائج سائنسی جریدے بائیولوجیکل سائیکاٹری: کاگنیٹیو نیورو سائنس اینڈ نیورو امیجنگ میں شائع ہوئی۔نتائج سے ظاہر ہوا ہے کہ زیادہ کیفین استعمال کرنے والے بچوں کی نیند کا دورانیہ نسبتاً کم تھا، جبکہ دماغ کی بیرونی تہہ کے سطحی رقبے میں بھی کمی دیکھی گئی، دماغ کا یہ حصہ فیصلہ سازی، توجہ مرکوز کرنے اور جذبات پر قابو رکھنے جیسے اہم افعال انجام دیتا ہے۔سائنس دانوں کے مطابق دماغ کی ساخت میں یہ فرق ان بچوں میں بھی دیکھا گیا جو ہفتے میں صرف 1 بار کیفین والا مشروب استعمال کرتے تھے۔تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ زیادہ کیفین استعمال کرنے والے بچوں میں توجہ، مزاج اور رویّوں سے متعلق ذہنی صحت کی علامات بھی نسبتاً زیادہ پائی گئیں۔

تحقیق کی سینئر مصنفہ اور کنگز کالج لندن سے وابستہ محقق نے کہا کہ ہماری روز مرہ کی زندگی میں کیفین کا استعمال اس قدر عام ہو چکا ہے کہ اکثر یہ خیال ہی نہیں رہتا کہ بچے بھی اس کا استعمال کر رہے ہیں۔محققین کا خیال ہے کہ بچوں کی نیند میں کمی دماغ کی ساخت میں سامنے آنے والے فرق کی جزوی وضاحت کر سکتی ہے، تاہم انہوں نے واضح کیا ہے کہ تحقیق کے نتائج سے یہ ثابت نہیں ہوتا کہ کیفین براہِ راست ان تبدیلیوں کا سبب بنتی ہے۔ تحقیق کے مطابق چینی کا استعمال اور طرزِ زندگی سے متعلق دیگر عوامل بھی ان نتائج میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.