vosa.tv
Voice of South Asia!

سپریم کورٹ کا بڑا فیصلہ،ٹرمپ کی کوشش ناکام

0

نیویارک (نیوزڈیسک)امریکی سپریم کورٹ نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے مڈ ٹرم الیکشنز سے قبل میل ان بیلٹس پر نئی پابندیاں عائد کرنے کی کوشش روک دی ہے۔سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد ریاستیں پہلے کی طرح ووٹرز کو میل بیلٹس جاری اور وصول کر سکیں گی۔

ٹرمپ انتظامیہ نے تجویز دی تھی کہ تمام ریاستیں میل بیلٹس کے لیے ایک مخصوص لفافہ استعمال کریں اور اہل ووٹرز کی فہرستیں ایک وفاقی آن لائن نظام میں جمع کرائیں۔ انتظامیہ کا مؤقف تھا کہ ان اقدامات سے الیکشن سیکیورٹی بہتر ہوگی۔

تاہم مخالفین کا کہنا تھا کہ انتخابات سے چند ہفتے قبل نظام میں بڑی تبدیلی سے لاکھوں ووٹرز کے بیلٹس متاثر ہو سکتے ہیں اور کچھ ریاستوں کے لیے بروقت نظام تبدیل کرنا ممکن نہیں۔سپریم کورٹ کی اکثریت نے اپنے مختصر ہنگامی حکم میں اشارہ دیا کہ ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے اس سال پابندیاں نافذ کرنے کی کوشش عدالت میں کامیاب ہونے کا امکان کم ہے۔ریاستی انتخابی حکام اور ووٹنگ رائٹس گروپس نے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے 2026 مڈٹرم ایلیکشنز کی تیاری معمول کے مطابق جاری رکھی جا سکے گی۔

میل بیلٹس پہلے ہی بعض ریاستوں میں ووٹرز کو بھیجے جا رہے ہیں، جبکہ حکام کا کہنا ہے کہ انتخابات سے عین قبل مکمل نظام تبدیل کرنا شدید مشکلات پیدا کر سکتا تھا۔ٹرمپ طویل عرصے سے میل ووٹنگ کی مخالفت کرتے رہے ہیں اور 2020 کے صدارتی انتخابات کے بعد بھی میل ووٹنگ پر سوالات اٹھاتے رہے ہیں۔ تاہم دستیاب شواہد کے مطابق میل بیلٹس میں فراڈ انتہائی کم پایا گیا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.