vosa.tv
Voice of South Asia!

امریکی ایوانِ نمائندگان کی ایک سینٹ کا سکہ ختم کرنے کے بل کی متفقہ منظوری

0

نیویارک (نیوزڈیسک)امریکی ایوانِ نمائندگان نے ایک سینٹ کے سکے یعنی پینی کی تیاری مستقل طور پر ختم کرنے کے بل کی متفقہ منظوری دے دی۔ بل کے تحت نقد ادائیگیوں کو قریب ترین 5 سینٹ تک راؤنڈ کیا جائے گا، جبکہ موجودہ پینی بدستور قابلِ استعمال رہیں گی۔

فاکس نیوز کے مطابق امریکی ایوانِ نمائندگان نے ملک کے سب سے چھوٹے مالیتی سکے ایک سینٹ کے پینی کی تیاری مستقل طور پر ختم کرنے کے بل کی متفقہ منظوری دے دی ہے۔دو طرفہ حمایت سے منظور ہونے والے کامن سینٹس ایکٹ کے تحت امریکی محکمہ خزانہ نئے پینی جاری نہیں کرسکے گا، تاہم یادگاری سکوں کے لیے استثنیٰ ہوگا۔

بل میں نقد ادائیگیوں کے لیے نیا طریقہ بھی تجویز کیا گیا ہے۔ اگر رقم 5 سینٹ میں پوری طرح تقسیم نہ ہو تو اسے قریب ترین 5 سینٹ تک راؤنڈ کیا جائے گا۔پہلے سے گردش میں موجود پینی قانونی حیثیت برقرار رکھیں گے اور انہیں استعمال کیا جاسکے گا۔امریکی منٹ نے نومبر 2025 میں پینی کی تیاری روک دی تھی، جس کے بعد اب کانگریس کی قانون سازی مستقبل میں اس فیصلے کو تبدیل کرنے کی راہ بھی روک دے گی۔

حکام کے مطابق پینی بنانے کی لاگت اس کی اصل مالیت سے تین گنا سے بھی زیادہ ہوگئی ہے، جبکہ پینی کی تیاری ختم کرنے سے حکومت کو سالانہ 56 ملین ڈالر کی فوری بچت متوقع ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.