ایف سی سی ٹیپ بال پریمیئر لیگ: افغان اسٹارز اور بلیک پینتھرز مشترکہ چیمپئن
ایف سی سی کے زیرِ اہتمام 6 ستمبر 2026 کو ٹی پی ریور ٹینس گراؤنڈ میں ٹیپ بال پریمیئر لیگ 2026 کا شاندار انعقاد کیا گیا، جس میں 12 ٹیموں نے شرکت کی۔
چھ اوورز فی اننگز اور 8 کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیموں کے اس ٹورنامنٹ میں کھلاڑیوں نے بھرپور جوش و خروش کا مظاہرہ کیا، تاہم کم روشنی کے باعث فائنل مکمل نہ ہوسکا اور افغان اسٹارز سی سی اور بلیک پینتھرز کو مشترکہ طور پر چیمپئن قرار دے دیا گیا۔ٹورنامنٹ کے پہلے کوارٹر فائنل میں افغان اسٹارز سی سی نے فائٹرز سی سی کو 7 وکٹوں سے شکست دی۔ فائٹرز سی سی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 3 وکٹوں کے نقصان پر 86 رنز بنائے، جس میں معظم شاہ کے 17 گیندوں پر 34 رنز نمایاں رہے۔ جواب میں افغان اسٹارز نے صرف 3.2 اوورز میں بغیر کسی نقصان کے 91 رنز بنا کر کامیابی حاصل کرلی۔ کپتان ظہیر صافی نے صرف 16 گیندوں پر 69 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی۔دوسرے کوارٹر فائنل میں ڈی یو سی سی نے بی سی سی کو 28 رنز سے شکست دی۔ ڈی یو سی سی نے کپتان آکاش کی 13 گیندوں پر 56 رنز کی شاندار اننگز کی بدولت 6 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 98 رنز بنائے، جبکہ بی سی سی کی ٹیم مقررہ اوورز میں 70 رنز تک محدود رہی۔ بی سی سی کی جانب سے سوربھ نے 12 گیندوں پر 41 رنز بنائے۔پہلے سیمی فائنل میں افغان اسٹارز سی سی نے افغان سی سی کو 51 رنز سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی۔ افغان اسٹارز نے پہلے کھیلتے ہوئے 6 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 130 رنز بنائے۔ ظہیر صافی نے 18 گیندوں پر 64 جبکہ محمد ایمل صافی نے 12 گیندوں پر 38 رنز اسکور کیے۔ جواب میں افغان سی سی کی پوری ٹیم 5.4 اوورز میں 79 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ دوسرا سیمی فائنل بلیک پینتھرز اور ڈی یو سی سی کے درمیان ہونا تھا، تاہم ڈی یو سی سی کی جانب سے واک آؤٹ کے باعث بلیک پینتھرز کو بغیر میچ کھیلے فائنل میں جگہ مل گئی۔گرینڈ فائنل میں افغان اسٹارز سی سی اور بلیک پینتھرز آمنے سامنے آئے۔ افغان اسٹارز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 5 اوورز میں بغیر کسی نقصان کے 88 رنز بنا لیے تھے، جس میں ظہیر صافی کی 23 گیندوں پر ناقابلِ شکست 60 رنز کی اننگز شامل تھی۔ تاہم بلیک پینتھرز کی اننگز کی پہلی گیند پر صرف ایک رن بننے کے بعد کم روشنی کے باعث میچ روکنا پڑا۔ فائنل مکمل نہ ہونے پر انتظامیہ نے دونوں ٹیموں کو مشترکہ طور پر ٹورنامنٹ کا چیمپئن قرار دے دیا۔افغان اسٹارز کے کپتان ظہیر صافی پورے ٹورنامنٹ کے نمایاں کھلاڑی رہے۔ انہوں نے کوارٹر فائنل، سیمی فائنل اور فائنل، تینوں میچز میں مین آف دی میچ کا اعزاز حاصل کیا۔ ظہیر صافی نے ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر 193 رنز بنائے اور 27 چھکے لگائے۔ایونٹ کے مہمانِ خصوصی گرووپورٹ سٹی کونسل ممبر اور برسا گروپ آف کمپنیز کے چیف ایگزیکٹو عبداللہ انصار برسا تھے۔ ٹورنامنٹ کو خان ایکسپریس ایل ایل سی، حلال گائرو ایکسپریس اور دیگر مقامی اسپانسرز کا تعاون بھی حاصل رہا۔ بڑی تعداد میں شائقین نے گراؤنڈ میں پہنچ کر مقابلوں سے لطف اٹھایا اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی۔اس موقع پر ووسا ٹی وی نے مہمانِ خصوصی اور اسپانسرز سے خصوصی گفتگو بھی کی۔ شرکا نے ٹیپ بال کرکٹ کے اس ایونٹ کو صحت مند تفریح اور کمیونٹی کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے کی مثبت سرگرمی قرار دیا۔ انتظامیہ کی جانب سے مہمانوں، کھلاڑیوں اور شائقین کے لیے کھانے، ٹھنڈے پانی اور مشروبات کا بھی خصوصی انتظام کیا گیا تھا، جسے شرکا نے سراہا۔